گوہاٹی ۔ 16 جون (سیاست ڈاٹ کام) آسام میں سیلاب کی صورتحال بدستور سنگین ہے جبکہ ریاست بھر میں 350 سے زائد دیہاتوں کے 1.3 لاکھ عوام متاثر ہوگئے ہیں۔ آسام اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی نے بتایا کہ آج کی تازہ اطلاعات کے مطابق اضلاع بارپیٹ، سونیت پور، دمھیاجی، لکھیم پور، تین سکھیا، دبروگڑھ، گول پارا، کامرو میٹروپالیٹن، مودی گاؤں، سیواساگر اور جورہات کے 359 دیہاتوں میں 1.3 لاکھ سے زائد افراد پانی میں محصور ہیں جبکہ سب سے زیادہ ضلع بارپیٹ میں 61,000 افراد اور ضلع گول پارہ میں 50,000 افراد متاثر ہیں۔ سرکاری حکام نے متاثرین ریلیف کیمپوں میں منتقل کردیا جہاں پر 1.615 افراد کو عارضی سائباں میں رکھا گیا۔ علاوہ ازیں 500 ہیکٹر پر پھیلی ہوئی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے اور آسام میں موسم برسات کی پہلی بارش میں 3 افراد کی موت واقع ہوئی۔ اتھاریٹی نے بتایا کہ مودی گاؤں اور گول پارہ میں 4 اہم سڑکیں خستہ حال ہوگئی ہیں۔ دریائے برہماپترا اب جورہاٹ میں نیمتی گھاٹ پر خطرہ کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے۔