گوہاٹی۔ 25 جون (سیاست ڈاٹ کام) سیلابی پانی آج ضلع تامرو کے بعض علاقوں میں داخل ہوجانے کے نتیجہ میں آسام میں سیلاب سے جملہ 5 اضلاع متاثر ہوگئے ہیں۔ آسام اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے جاری کردہ بیان کے بموجب سیلابی پانی آج تامرو کے کئی مکانات میں گھس گیا ۔ اس کے علاوہ چار دیگر اضلاع لکھیم پور ، دارانگ ، سونت پور اور اُدلگوری بھی متاثر ہوئے ہیں۔ جملہ 5 ریلیف کیمپس کھولے جاچکے ہیں جہاں تقریباً 10 ہزار افراد نے پناہ لی ہے۔
بارات میں جھڑپ، 12 افراد زخمی
بریلی ۔ 25 جون (سیاست ڈاٹ کام) تقریباً 12 افراد اس وقت زخمی ہوگئے جب دو مختلف برادریوں کے ارکان میں جھڑپ ہوگئی اور وہ یہاں کے علاقہ سبھاش نگر میں شادی کی بارات کے دوران لڑکیوں و خواتین سے چھیڑچھاڑ کے واقعہ پر ایک دوسرے پر سنگباری میں ملوث ہوئے۔ یہ واقعہ کل رات پیش آیا جب ایک مخصوص برادری کے بعض لڑکے مدہوشی کی حالت میں فقرے کستے ہوئے خواتین کو چھیڑنے لگے جو شادی کی بارات میں رقص کرتے ہوئے محلہ باقیہ کی طرف گامزن تھے۔ پولیس نے کہا کہ تقریب میں شریک دیگر ارکان نے انہیں دبوچ کر پٹائی کردی اور جھڑپ چھڑگئی۔