آسام میں سیلاب، ایک ہلاک

گوہاٹی ۔ /7 جون (سیاست ڈاٹ کام) آسام کے 6 اضلاع سیلاب سے متاثر رہے جس میں ایک شخص ہلاک اور تقریباً 33 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں ۔ آسام اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ 108 دیہاتوں میں تقریباً 33 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں ۔ ضلع بارپیٹا سب سے زیادہ متاثر رہا ۔ حکام نے ضلع کوکرا جھار میں 12 ریلیف کیمپس قائم کئے ۔ سیلاب کی وجہ سے 50 سے زائد مکانات کو نقصان پہونچا اور تقریباً ایک ہزار ہیکٹرس پر محیط فصلیں تباہ ہوگیئں ۔ اس کے علاوہ ندی کے پشتوں میں شگاف ، سڑکیں اور برجس کو بھی نقصان ہوا ہے۔پوتھی مری ندی خطرہ کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے ۔

مہاراشٹرا ، گوا اور گجرات
میں طوفان کا امکان
نئی دہلی ۔ /7 جون (سیاست ڈاٹ کام ) بحر عرب میں ہوا کے دباؤ میں کمی کا اثر تیزی سے ساحل کی طرف بڑھ رہا ہے اور ہندوستانی محکمہ موسمیات کے بموجب آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ہوا کے دباؤ میں مزید کمی واقع ہوگی اور اس کے اثر سے مہاراشٹرا ، گوا اور گجرات میں زبردست بارش ہوگی۔ محکمہ موسمیات نے اسے طوفان قرار دینے سے گریز کیا ہے لیکن موسم کی پیش قیاسی کرنے والی خانگی ایجنسی اسکائی میٹ نے کہا کہ یہ طوفان کی خصوصیات کا حامل ہے ۔ یہ شمال ۔ شمال مغربی سمت تیزی سے بڑھ رہا ہے اور 45 کیلو میٹر سے لیکر 65 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں ۔