گوہاٹی ۔ 2 ۔ مارچ : ( سیاست ڈاٹ کام) : سیکوریٹی فورسیس نے گذشتہ دو ماہ کے دوران کم و بیش 167 دہشت گردوں اور ان سے متعلقہ ایسے افراد کو گرفتار کیا ہے جو آدیواسیوں پر مبینہ حملوں میں ملوث تھے ۔ گورنر آسام پدمانابھا بالکرشنا آچاریہ نے اسمبلی کے بجٹ سیشن کے پہلے روز اپنی تحریری تقریر کے دوران کہا کہ آدیواسیوں کو مختلف اضلاع میں بہیمانہ طور پر ہلاک کیا گیا جس کے بعد سیکوریٹی فورسیس حرکت میں آگئی اور موثر آپریشنس کے دوران 167 دہشت گردوں اور ان سے متعلقہ افراد کی گرفتاری ممکن ہوسکی ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی دلچسپ ہوگا کہ گورنر کی تقریر کو ’’ پڑھا گیا اور منظور کرلیا گیا ‘‘ کا موقف دیا گیا کیوں کہ اپوزیشن نے ریاست کی کمزور معاشی حالت پر شور و غل کرنا شروع کردیا تھا ۔ جس کے بعد گورنر اپنی تقریر کو مکمل نہیں کرسکے تھے تاہم مسٹر آچاریہ نے کہا کہ مختلف آپریشنس کے دوران سیکوریٹی فورسیس کے بھی دو عہدیدار ہلاک ہوئے ۔ ریاستی حکومت کے اصرار پر نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی (NIA) نے تحقیقات کی ذمہ داری اپنے سر لیتے ہوئے چار دہشت گردوں کے خلاف معاملات درج کئے ہیں ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ دلچسپ ہوگا کہ دسمبر 2014 ء میں آسام کے بیشتر اضلاع میں این ڈی ایف بی دہشت گردوں کی جانب سے کی گئی فائرنگ میں آدیواسیوں کے علاوہ بوڈو اور بنگالی افراد بھی ہلاک ہوئے تھے ۔ جن کی تعداد 81 بتائی گئی ہے ۔۔