آسام میں دو زلزلے ، جانی یا مالی نقصان نہیں

گوہاٹی ، 23 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) دو زلزلوں نے جن کی پیمائش ریکٹر اسکیل پر 3.1 اور 5.5 ہوئی، آج آسام کو دہلا ڈالا جس پر لوگ خوف و ہراس کے عالم میں اپنے گھروں کو تیزی سے چھوڑ کر نکلنے پر مجبور ہوئے۔ پولیس نے کہا کہ ان جھٹکوں کے سبب کسی جانی نقصان یا کسی کے زخمی ہونے یا پھر مالی نقصان کی فوری کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔ یہاں دفتر موسمیات نے کہا کہ 3.1 کی شدت والے پہلے زلزلے نے صبح 5:30 بجے گوہاٹی اور ریاست کے دیگر مقامات کو دہلایا۔ اس کا مبداء 25.6 ڈگری شمالی عرض البلد اور 93.2 ڈگری مشرقی طول البلد پر اس ریاست کے ضلع کربی انگلانگ میں 10 کیلومیٹر کی گہرائی میں رہا۔ اوسط شدت کا دوسرا جھٹکہ صبح 7:41 بجے پیش آیا جس کا مبداء 23.8 ڈگری شمال اور 94.5 ڈگری مشرق پر ہند۔میانمار خطہ میں 100 کیلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ شیلانگ کی اطلاع میں کہا گیا کہ اوسط شدت کے زلزلے نے میگھالیہ اور زیادہ تر شمال مشرقی خطہ کو بھی دہلایا ہے۔ وہاں کے ریجنل سیسمولوجیکل سنٹر کے عہدیداروں نے نیوز ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ کو بتایا کہ ریختر پیمانہ پر 5.5 کی پیمائش والا جھٹکہ صبح تقریباً 7:11 بجے محسوس کیا گیا۔ صرف چند سکنڈ کے اس جھٹکے سے بھی کوئی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔