گوہاٹی۔ 22 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہند ۔ بنگلہ دیش سرحد کو بند کردینے کا مطالبہ کرتے ہوئے آل آسام اسٹوڈنٹس یونین نے ریاست میں جہادی سرگرمیوں کے خلاف ایک احتجاجی ریالی نکالی۔ غیرقانونی تارکین وطن کی موجودگی سے مسائل پیدا ہورہے ہیں۔ یہاں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے آل آسام اسٹوڈنٹس یونین کے اڈوائزر اور سابق صدر سماجل بھٹا چارجی نے کہا کہ آسام میں بنیاد پرستوں اور غیرقانونی بنگلہ دیشیوں کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ ان تمام غیرقانونی تارکین وطن کو ریاست سے خارج کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ترون گوگوئی کے نرم قانون کی وجہ سے بنگلہ دیش کے تارکین وطن کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے حکومت آسام اور مرکز سے مطالبہ کیا کہ وہ اس غیرقانونی تارکین وطن کے مسئلہ کو فوری حل کریں۔