آسام میں جہادیوں کا خطرہ ، چیف منسٹر نشانہ

گوہاٹی۔ 2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر آسام ترون گوگوئی نے آج کہا کہ ریاست میں جہادی عناصر سرگرم ہیں اور یہ لوگ ان کے (چیف منسٹر ) علاوہ ریاستی سیکریٹریٹ اور مشہور کمکھیا مندر کو نشانہ بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے نیلاچل ہل پر واقع شکتی مندر میں صفائی مہم کے دوران پوچھے گئے سوالات کا جواب دیتے ہوئے اخباری نمائندوں سے کہا کہ ریاست میں جہادیوں کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔ میں یہ نہیں کہہ رہا ہوں کہ میں ان کی ٹارگٹ لسٹ میں نہیں ہوں۔ میں بھی ان کے نشانہ پر ہوں۔ ریاستی سیکریٹریٹ ، دیگر دفاتر اور مشہور کمکھیا مندر پر بھی حملے کرنے جہادیوں کا منصوبہ ہے۔ ہم نے اس کیس کو قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کے حوالے کیا ہے۔ ریاست میں جاری دہشت گرد خطرات اور جہادی سرگرمیوں کی تحقیقات این آئی اے کرے گی۔

سکریٹریٹ اور کمکھیا مندر پر سکیورٹی کو سخت کردیا گیا ہے۔ حکومت آسام نے ریاست میں جہادی سرگرمیوں سے متعلق تمام کیسوں کو این آئی اے کے حوالے کیا ہے۔ اس بات کا فیصلہ کل یہاں گوگوئی کی طلب کردہ لا اینڈ آرڈر جائزہ میٹنگ میںکیا گیا۔ اس لئے کہ اس کیس کی مکمل تحقیقات کی جاسکے۔ اجلاس میں گوگوئی نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ تمام تر اقدامات کرتے ہوئے قوم دشمن سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کریں اور قوم دشمن عناصر کے ناپاک منصوبوں کو ناکام بنائیں۔ ہم قومی سلامتی اور قومی یکجہتی پر ہرگز سمجھوتہ نہیں کرسکتے۔ گوگوئی نے اس مندر میں جاروب کشی کرتے ہوئے صفائی مہم میں حصہ لیا۔ گوگوئی نے کہا کہ صاف صفائی ہمیشہ انسانی صحت کیلئے ضروری ہے۔ ہماری ریاست میں مذہبی نظام میں بھی صفائی کو ترجیح دی گئی ہے۔