گوہاٹی 15 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام )جماعت المجاہدین بنگلہ دیش (جے ایم بی) نے آسام میں تخریبی سرگرمیوں کیلئے تقریباً 20 ’’سلیپر سل‘‘ ارکان تیار کئے ہیں جن میں 10 ہنوز مفرور ہیں۔ ریاستی اسمبلی کو آج یہ بات بتائی گئی۔ وزیر جنگلات رقیب الحسین نے اے جی پی رکن پی بھوشن چودھری کو تحریری جواب میں بتایا کہ مغربی بنگال میں موجود جے ایم بی کے اعلی سطحی قائدین نے آسام کے بعض لوگوں کو ٹریننگ دی ہے اور ان سے کہا گیا ہے کہ مستقبل میں کبھی بھی ضرورت پڑنے پر ’’سلیپر سل‘‘ کی حیثیت سے تیار رہیں۔ انہو ںنے بتایا کہ موصولہ اطلاعات کے مطابق اس سل کے تقریبا 10 ارکان اب بھی سرگرم اور مفرور ہیں۔ آسام پولیس نے بارپیٹا اور نلواری اضلاع میںمختلف مقامات سے 10 ایسے افراد بشمول ایک خاتون کو گرفتار کیاہے۔ جے ایم بی کے مابقی کیڈر کو گرفتار کرنے کیلئے کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس موڈیول نے تاحال آسام میں کوئی تخریبی سرگرمی انجام نہیں دی۔ رقیب الحسین نے بتایا کہ آسام میں مجموعی طور پر تین اسلامی بنیاد پرست گروپس سرگرم ہیں اور ان کے کیڈر کی جملہ تعداد 200 ہیں۔ جے ایم بی کے علاوہ دیگر دو تنظیمیں مسلم یونائیٹیڈ لبریشن ٹائگر آف آسام اور حرکت المجاہدین شامل ہے۔ لبریشن کا کیڈر 140 ارکان پر مشتمل ہے جبکہ حرکت المجاہدین کے 40 ارکان ہیں۔ بی جے پی رکن اسمبلی رنجیت کمار داس کے ایک اور سوال کے جواب میں رقیب الحسین نے بتایا کہ آسام میں 5 مزید اسلامی بنیاد پرست گروپس ہیں لیکن وہ سرگرم نہیں۔ 1995 سے 10 ڈسمبر 2014 تک پولیس نے تمام 8 اسلامی بنیاد پرست گروپس کے 626 کیڈر کو گرفتار کیا ہے ۔