تیزپور (آسام )17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)اوسط شدت کے زلزلے کے دو جھٹکوں سے آج علی الصبح آسام دہل کر رہ گیا۔علاقائی موسمیات مرکز کے بموجب پہلے جھٹکے کی شدت رختر پیمانے پر 4.8 تھی اور یہ 3.35 بجے شب محسوس کیا گیا ۔ اس کا مبدا 26.8 شمالی عرض بلد اور 92.7 درجہ مشرقی طول بلد پر واقع تھا ۔ دوسرا جھٹکہ 3.8 شدت کا تھا جو 5.50 بجے صبح محسوس کیا گیا ۔ اس کا مبدا 26 درجہ شمالی عرض بلد اور 92.4 درجہ مشرقی طول بلد پر وسطی آسام میں واقع تھا۔
ٹرانسپورٹ ورکرس اور اونرس کی
ملک گیر ہڑتال
پڈوچیری۔/17اپریل، ( سیاست ڈاٹ کام ) پڈو چیری میں مخالف ٹریڈ یونینوں سے وابستہ ٹرانسپورٹ ورکرس اور گڈس وہیکلس کے مالکین ملک گیر سطح پر 30اپریل کو نئے روڈ ٹرانسپورٹ اینڈ سیفٹی بل 2014 کے خلاف احتجاج میں حصہ لیں گے۔ جنرل سکریٹری AITUC پڈو چیری یونٹ مسٹر ابھیشنگم نے بتایا کہ ٹرانسپورٹ مالکین اور ٹریڈ یونین کے مشترکہ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ نئے بل میں بھاری جرمانے اور سخت سزا کی گنجائش رکھی گئی ہے اور جبکہ پاسنجر اور گڈس ٹرانسپورٹس کو خانگیانہ کا خفیہ ایجنڈہ بھی شامل ہے جس کے تحت ٹرانسپورٹ شعبہ میں ورکرس کو ضمانت روزگار کیلئے سنگین خطرات لاحق ہوجائیں گے۔