آسام میں اسٹون کرشنگ یونٹ پر حملہ

عسکریت پسندوں کی فائرنگ میں 2 غیرمقامی ورکرس زخمی
دیبرو گڑھ ( آسام ) ۔ یکم ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) ضلع دیبرو گڑھ کے نامروپ کے مقام پرالفا( آئی ) کے عسکریت پسندوں نے ایک اسٹون کریشر یونٹ کے ورکرس پر اندھا دھند فائرنگ کردی ۔ پولیس نے بتایا کہ 5 مسلح نقاب پوش افراد کل شب اسٹون کریشنگ یونٹ پہنچے اور ورکرس پر فائرنگ کردی جس میں اکثریت ہندی بولنے والوں کی ہے۔ فائرنگ میں شدید زخمی 2 ورکرس سنجے بھارتی اور گوپال ساہو کو آسام میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل دیبرو گڑھ میں شریک کروادیا گیا ہے جہاں پر ڈاکٹروں نے بتایا کہ ان کی حالت تشویشناک ہے ۔ انسپکٹر جنرل پولیس (لاء اینڈ آرڈر ) مسٹر ایس این سنگھ نے بتایا کہ کل شب کے حملہ میں 2 افراد شدید زخمی ہوگئے ہیں جس میں یونائٹیڈ لبریشن فرنٹ آف آسام (الفا۔ 51) کے عسکریت پسند ملوث ہونے کی تصدیق ہوگی ہے ۔ تاہم پولیس اس پہلو سے بھی تحقیقات کررہی ہے کہ اس حملہ میں دسری عسکریت پسند تنظیم این ایس ایس سی این ( کے ) ملوث تو نہیں ہے ؟ پولیس اور دیگر سکیورٹی فورسس اس علاقہ میں حملہ آوروں کو پکڑنے کیلئے تلاشی مہم شروع کردی ہے ۔ دریں اثناء ایک ای میل بیان میں الفا ( آئی ) نے اس حملہ کی ذمہ داری قبول کرلی ہے ۔