سلچر( آسام) ۔27 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی نے آج بارک بند کا اعلان کیا ہے ۔ ضلع کچھار میں مبینہ طور پر اشتعال انگیز تقاریر کے بعد فرقہ وارانہ فساد بھڑک اٹھا تھا ۔ ایک رکن اسمبلی کے بشمول بی جے پی کے کئی قائدین کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ ان گرفتاریوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے بی جے پی نے بند کا اعلان کیا ۔ ضلع میں کشیدگی اس وقت پیدا ہوئی جب ایک مندر کے قریب بعض قابل اعتراض مواد دستیاب ہوا تھا ۔ اس کے بعد چند بی جے پی کارکنوں کے بشمول 7 افراد کو پولیس نے گرفتار کرلیا تھا ۔ سلچر کے بی جے پی رکن اسمبلی دلیپ کمار کی گرفتاری کے فوری بعد کچھار ضلع صدر بی جے پی کشک رانے اور یووا مورچہ کے صدر راجیش داس کو بھی گرفتار کیا گیا ۔ فرقہ وارانہ فساد کے دوران پولیس نے ہجوم کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کیا ‘ صورتحال قابو میں بتائی گئی ہے ۔