آسام سیلاب ‘ 16 افراد ہلاک ‘ فوج کی خدمات طلب

گوہاٹی 23 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) آسام میں آج سیلاب کی صورتحال مزید سنگین ہوگئی اور ائر فورس کے ہیلی کاپٹرس کی خدمات پانی میں محصور افراد کو بچانے کیلئے حاصل کرلی گئی ہیں۔ یہاں اب تک سیلاب میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 16 تک پہونچ گئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ اب تک سیلاب سے 3.7 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ فوج ‘ این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیموں کی جانب سے بھی پانی سے محصور علاقوں میں راحت و بچاؤ کام شروع کردئے گئے ہیں۔ آسام کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی کی سیلاب رپورٹ کے مطابق آٹھ افراد گول پارا ضلع میں کل سے فوت ہوچکے ہیں۔ کامروپ میٹرو ضلع میں پانچ اموات ہوئی ہیں جبکہ ان میں چار افراد مٹی کے تودے گرنے سے ہلاک ہوئے ہیں۔ دو افراد بوکو علاقہ میں ہلاک ہوئے ہیں۔ دوبھری میں زمین کھسکنے سے ایک بچہ فوت ہوگیا ۔ حکام کی جانب سے اب تک 94 ریلیف کیمپس قائم کئے گئے ہیں جہاں 85,000 افراد نے پناہ حاصل کی ہے ۔ 3.7 لاکھ افراد سیلاب سے متاثر ہیں۔