لارڈ کرشنا بھی جیل میں پیدا ہوئے تھے : نرتیہ گوپال داس کا بیان
اندور 29 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) رام جنم بھومی نیاس کے صدر مہنت نرتیہ گوپال داس نے آج عصمت ریزی کے الزام میں سزا پانے والے آسارام کو ایک ’ مہاتما ‘ قرار دیا اور کہا کہ لوگ اب بھی ان پر یقین کرتے ہیں۔ نرتیہ گوپال داس نے یہاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ کسی کے جیل جانے میں کوئی قباحت نہیں ہے کیونکہ لارڈ کرشنا بھی جیل میں پیدا ہوئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا چلتا رہتا ہے ۔ کوئی جیل میں ہو یا نہیں لیکن لوگ ان ( آسا رام ) پر اب بھی یقین رکھتے ہیں۔ وہ ایک مہاتما ہیں اور یہ سب کچھ اسی وجہ سے ہورہا ہے ۔ آسا رام کو حال ہی میں راجستھان کی ایک عدالت نے کمسن لڑکی کی عصمت ریزی کے جرم میں عمرقید کی سزا سنائی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ آسا رام کو اس مقدمہ میں خاطی قرار دینے کے باوجود ملک میں سادھو سنتوں کی امیج متاثر نہیں ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ جیل ایسی جگہ ہے جہاں لارڈ کرشنا پیدا ہوئے تھے اور وہاں جانے میں کوئی قباحت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر سادھو سنت بھی جیل جائیں تو وہاں لوگوں کو اچھی باتیں بتائیں گے ۔