احمد آباد ۔ /26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) آسارام کے آشرم واقع گجرات میں 2 لڑکوں کی پراسرار حالت میں موت کے تقریباً 10 سال بعد ان کی موت کے بارے میں کمیشن کی تحقیقاتی رپورٹ آئندہ مانسون اجلاس کے دوران گجرات اسمبلی میں پیش کی جائے گی ۔ یہ اعلان جودھپور کی عدالت سے 77 سالہ متنازعہ خودساختہ سادھو کی سزائے عمر قید کے اعلان کے بعد منظر عام پر آیا ہے ۔ گجرات کے آسارام آشرم میں 2013 ء میں دو لڑکوں کی موت واقع ہوئی تھی ۔ جسٹس ڈی کے ترویدی کمیشن اس واقعہ کی تحقیقات کررہا تھا اور اس نے حکومت کو جولائی 2013 ء میں اپنی رپورٹ پیش کی گئی تھی ۔ وزیرمملکت برائے داخلہ پردیپ سنہہ جڈیجہ نے گاندھی نگر میں آج انکشاف کیا کہ اسمبلی کے آئندہ مانسون اجلاس میں ریاستی حکومت کمیشن کی رپورٹ ایوان میں پیش کردے گی ۔ گجرات اسمبلی کا مانسون اجلاس امکان ہے کہ اگست میں منعقد کیا جائے گا ۔ /5 جولائی 2008 ء کو 10 سالہ دیپیش واگھیلا اور 11 سالہ ابھیشیک واگھیلا کی مسخ شدہ نعشیں دستیاب ہوئی تھیں دونوں رشتے کے بھائی تھے ۔