آزاد مملکت فلسطینیوں کا فطری حق :فرانس

پیرس۔ 29 نومبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) فرانس نے آزاد فلسطینی مملکت کو تسلیم کرنے کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد اور مکمل خود مختار مملکت فلسطینیوں کا فطری حق ہے۔ پیرس کی جانب سے فلسطین کو تسلیم کرنا کسی کی طرف داری یا ’دوست پروری‘ نہیں بلکہ یہ خود اسرائیل کے بھی مفاد میں ہے۔ فرانسیسی وزیرخارجہ لوران فابیوس نے پارلیمنٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی مملکت کا قیام حالات کا تقاضا ہے۔ عالمی برادری فلسطینی مملکت کو تسلیم کرنے لگی ہے۔ فرانس کیلئے بھی اس راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔ فلسطینی مملکت تسلیم کرنا خود اسرائیل کی سلامتی، بقاء اور استحکام کیلئے ضروری ہے۔فرانسیسی وزیرخارجہ نے پارلیمنٹ کے اجلاس میں یہ بات فلسطینی مملکت کو تسلیم کئے جانے سے متعلق حکمراں جماعت کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہی۔ اس قرارداد پرآئندہ منگل کو رائے شماری کی جائے گی۔ توقع ہے کہ فرانسیسی پارلیمنٹ کی جانب سے بھی قرارداد بھاری اکثریت کے ساتھ منظور ہو جائے گی۔