حیدرآباد۔ 7 مئی (سیاست نیوز) آر ٹی سی کی جاری ہڑتال کو ماؤسٹوں کی بھی تائید حاصل ہوچکی ہے اور انہوں نے عوام سے بھی خواہش کی ہے کہ وہ مرکزی و ریاستی حکومت کے خلاف جدوجہد کے لئے تیار ہوجائیں۔ سی پی آئی (ماؤسٹ) تلنگانہ اسٹیٹ کمیٹی کے ترجمان مسٹر جگن نے ایک صحافتی بیان میں مرکزی و ریاستی حکومتوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ عوام کو ایسی حکومت کے خلاف ماؤسٹوں کی تحریک میں شامل ہوکر مقابلہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست تشکیل پائے 10 ماہ گذر چکے ہیں لیکن حکومت ایک بھی وعدہ پورا کرنے میں ناکام رہی۔ انہوں نے آر ٹی سی کی ہڑتال کو درست اور ان کے مطالبہ کو حق بجانب قرار دیا۔ ساتھ ہی ساتھ حکومت پر بھی ان مطالبات کو تسلیم کرنے پر زور دیا۔ ماؤسٹ قائد جگن نے کہا کہ مرکز میں ہندوتوا کو فروغ دینے والی بی جے پی حکومت اور دو تلگو ریاستوں کی حکومتیں ایک ہی راہ پر گامزن ہیں۔ مرکزی حکومت اراضی بل کے ذریعہ سامراجیت اور سرمایہ دارانہ نظام کی مدد کررہی ہے۔ اسی طرح تلنگانہ میں کے سی آر حکومت سنگل ونڈو کے نام پر سرمایہ داروں کو سہولیات فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک میں ہر شہری نے اپنی ذمہ داری نبھائی ہے اور کئی قربانیوں کے بعد یہ ریاست تشکیل پائی ہے۔ ان کی قربانیوں کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ چیف منسٹر کو چاہئے کہ وہ اپنے وعدوں کو جلد از جلد پورا کریں اور غریب، پسماندہ و پچھڑے طبقات کے علاوہ اقلیتوں کی بہبود کیلئے اقدامات کریں۔