حیدرآباد ۔ 9 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں جاری آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال سے عوام کو درپیش مسائل پر ہائی کورٹ نے اپنی شدید برہمی کا اظہار کیا اور ہڑتالی ملازمین آر ٹی سی سے فی الفور ڈیوٹی پر رجوع ہوجانے کا حکم دیا ۔ دونوں ریاستوں میں آر ٹی سی ملازمین کی جاری ہڑتال سے عوام کو پیش آنے والی مشکلات سے واقف کرواتے ہوئے آج عوامی مفاد عامہ کی درخواست ہائی کورٹ جج کی قیام گاہ پر ’ ہاوز موشن ‘ کے تحت پیش کی گئی ۔ جس پر ہائی کورٹ جج نے درخواست کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے ہڑتالی ملازمین آر ٹی سی سے فوری ڈیوٹی پر رجوع ہوجانے کا حکم دیا ہے تاہم اسی دوران ہڑتالی ملازمین یونین قائدین نے اپنے ردعمل کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہائی کورٹ کے کوئی احکامات ابھی نہیں ہمیں وصول نہیں ہوئے ہیں ۔ لہذا دونوں ریاستوں میں جاری ملازمین آر ٹی سی کی ہڑتال جوں کی توں جاری رہے گی اور جب ہم کو یہ احکامات وصول ہوں گے تب اس کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد کوئی قطعی فیصلہ کیا جائے گا ۔ اسی دوران آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال چوتھے دن میں داخل ہوگئی ہے ۔ ہڑتالی ملازمین اپنی تنخواہوں میں قابل لحاظ اضافہ کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کررہے ہیں ۔ اے پی ایس آر ٹی سی انتظامیہ نے جزوی طور پر بس سرویس شروع کی ہے ۔ اس کے لیے کنٹراکٹ اسٹاف کی خدمات حاصل کی گئی ہیں ۔ سخت ترین پولیس سیکوریٹی میں بسیں چلائی جارہی ہیں ۔ احتجاجی ملازمین کی مداخلت اور تشدد کے باعث بعض مقامات پر صورتحال کشیدہ ہورہی ہے ۔ ۔