آر ٹی سی ہڑتال ختم کروانے مذاکرات میں تعطل برقرار

حیدرآباد 10 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) آندھرا پردیش اور تلنگانہ کی حکومتوں نے آج سرکاری روڈٹرانسپورٹ کارپوریشن ( آر ٹی سی ) کے ہڑتالی ملازمین کے ساتھ بات چیت کی تاکہ ہڑتال کو ختم کروایا جاسکے ۔ یہ ہڑتال گذشتہ پانچ دن سے جاری ہے کیونکہ ملازمین فٹمنٹ کو 43 فیصد تک بڑھانے کی مانگ کر رہے ہیں۔ آندھرا پردیش کے وزیر لیبر کے اچن نائیڈو نے ملازمین یونین کے نمائندوں سے بات چیت کی اور اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہڑتالی ملازمین سے ہڑتال کو ختم کرنے کی اپیل کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ اس مسئلہ کو باہمی قابل قبول انداز میں حل کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے فٹمنٹ کو 43 فیصد کرنے ملازمین کے مطالبہ کے تعلق سے کہا کہ حکومت کی جانب سے 27 فیصد اضافہ کی پیشکش پہلے ہی کی جاچکی ہے ۔ بحیثیت مجموعی یہ بات چیت آج بھی تعطل کا شکار رہی اور ہڑتال جاری ہے ۔ اس بات چیت میں آر ٹی سی ملازمین یونینوں کے قائدین نے مختلف مطالبات کابینی سب کمیٹی کے روبرو پیش کئے ۔ مطالبات پر غور کرنے کابینی سب کمیٹی نے یونین قائدین سے تین ہفتوں کا وقت دینے کی خواہش کی اور یونین قائدین سے فوری طور پر جاری ہڑتال سے دستبرداری اختیاری کرنے کی بھی اپیل کی ۔ لیکن آر ٹی سی ملازمین ملازمین یونین قائدین نے واضح طو ر پر کہا کہ اس وقت تک ہڑتال جاری رہے گی ۔ با ت چیت کے اختتام پر آر ٹی سی ملازمین یونین قائدین مسٹر پربھاکر نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آر ٹی سی کو نقصانات سے بچانے اور نفع بخش بنانے سلسلہ میں بعض تجاویز کابینی سب کمیٹی کو پیش کی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے تجاویز پر غور کرنے تین ہفتوں کا وقت طلب کیا ہے اور یونین دو ایک دن میں مشاورت کے بعد اپنے موقف کا اظہار کریگی تاہم اس وقت تک ہڑتال جاری رکھی جائیگی ۔ اس دوران تلنگانہ میں بھی وزرا نے ہڑتالی ملازمین قائدین سے اس مسئلہ کی یکسوئی کیلئے بات چیت کی ہے ۔ ریاست کے وزیر داخلہ و لیبر این نرسمہا ریڈی نے کہا کہ اس مسئلہ کا قابل قبول حل دریافت کرلیا جائیگا۔ کہا گیا ہے کہ حکومت تلنگانہ اس ہڑتال کو جلد ختم کروانا چاہتی ہے اور اس سلسلہ میں سرگرم مشاورت جاری ہے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے واضح کیا کہ آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کو ختم کروانے جلد اقدامات کئے جائیں گے ۔چیف منسٹر نے کابینی سب کمیٹی کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔وزرا ای راجندر ‘ پی مہیندر ریڈی ‘ این نرسمہا ریڈی و چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما اور آر ٹی سی عہدیدار شریک تھے ۔ چیف منسٹر کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ چندر شیکھر راؤ نے ہڑتال ختم کروانے تمام فریقین سے بات چیت کرکے حکومت کو سفارشات پر مبنی رپورٹ پیش کرنے وزیر داخلہ نرسمہا ریڈی کی قیادت میں ایک کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ کمیٹی میں وزیر فینانس ای راجندر اور وزیر ٹرانسپورٹ پی مہیندر ریڈی کو شامل کیا گیا ہے ۔ نرسمہا ریڈی نے احتجاجی ملازمین سے اپیل کی کہ وہ اپنی ہڑتال ختم کردیں اور وہ اس مسئلہ کو جلد یکسوئی کیلئے چیف منسٹر سے رجوع کرینگے ۔ انہوں نے آر ٹی سی ملازمین کے 43 فیصد فٹمنٹ کے مطالبہ کو مسترد کردیا اور کہا کہ آر ٹی سی ایک خود مختار کارپوریشن ہے اور اس کے ملازمین سرکاری ملازم نہیں ہیں۔ انہوں نے میڈیا سے کہا کہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے کبھی بھی آر ٹی سی ملازمین کو یہ تیقن نہیں دیا کہ وہ انہیں فٹمنٹ فراہم کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیلئے تیار ہے ۔