آر ٹی سی ہڑتال ختم کرنے کی اپیل

حیدرآباد۔ 7 مئی (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ تلنگانہ پی مہیندر ریڈی نے آر ٹی سی ملازمین سے ہڑتال فوری ختم کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ آر ٹی سی ملازمین کے ساتھ ہمدردانہ رویہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے غیررسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آر ٹی سی ملازمین کیلئے 43 فیصد فٹمنٹ کی فراہمی ممکن نہیں ہے، تاہم ملازمین کے دیگر مسائل کی یکسوئی کیلئے حکومت کابینی ذیلی کمیٹی تشکیل دے گی۔ انہوں نے کہا کہ 14 مئی تک آندھرا پردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی تقسیم کا عمل ہوجائے گا۔ انہوں نے عوام کو درپیش مشکلات کو ملحوظ رکھتے ہوئے ملازمین سے ہڑتال ختم کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ اس وقت آر ٹی سی خسارہ سے دوچار ہے۔ اگر ملازمین کے مطالبہ کو تسلیم کرتے ہوئے 43 فیصد فٹمنٹ دیا جائے تو پھر آر ٹی سی کو بند کردینا پڑے گا۔
کنٹراکٹ آر ٹی سی ملازمین کو انتباہ
اس دوران آر ٹی سی نائب صدرنشین اور ایم ڈی این سامبا سیوا راؤ نے کنٹراکٹ ملازمین کو خبردار کیا ہے کہ وہ جمعرات کی شب تک ڈیوٹی پر رجوع ہوجائیں ورنہ ان کی خدمات برطرف کردی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مقررہ مہلت تک رجوع ہونے والے ملازمین کی خدمات کو فوری باقاعدہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے ایمپلائز یونین سے بھی مذاکرات کے ذریعہ مسئلہ کو حل کرلینے کی خواہش کی اور کہا کہ عوامی مشکلات کو پیش نظر رکھتے ہوئے انہیں ہڑتال ختم کردینی چاہئے۔