آر ٹی سی کو خسارہ سے بچانے بس روٹس کا از سر نو جائزہ

کارپوریشن کی اراضیات کو کمرشیل کے طور پر استعمال کرنے کی تجویز
حیدرآباد ۔ 6 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن انتظامیہ زونس کی تعداد میں کمی کرنے کی مرتب کردہ تجویز پر سنجیدگی سے غور کررہا ہے کیوں کہ فی الوقت گریٹر حیدرآباد ٹی ایس آر ٹی سی زون کافی نقصانات پیش آنے کی وجہ سے مالی مسائل سے دوچار ہورہا ہے اور اس زون کے مالی مسائل کی یکسوئی کے لیے مختلف زاویوں سے تفصیلی جائزہ لیا جارہا ہے اور ان کوششوں کے ایک حصہ کے طور پر بس روٹس کا از سر نو سروے کروانے اور زونس کی تعداد میں کمی کرنے پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے ۔ ٹی ایس آر ٹی سی کے ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ موجودہ پائے جانے والے گریٹر حیدرآباد زون ، حیدرآباد زون اور کریم نگر زون میں سے کوئی ایک زون کو برخاست کر کے صرف دو زونس کے ذریعہ تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کو چلانے کی تجویز ہے ۔ اس سلسلہ میں جائزہ لے رہے ہیں ۔ کیوں کہ کارپوریشن کو یومیہ دو کروڑ روپیوں کا خسارہ درپیش ہے ۔ جس میں زیادہ تر خسارہ سٹی سرویسیس کے آپریشنس کی وجہ سے پیش آرہا ہے ۔ اور اس نقصانات کی وجہ کارپوریشن انتظامیہ نئی بسیں خریدنے کے موقف میں بھی نہیں ہے اور مختلف نئی تجاویز پر عہدیداران آر ٹی سی سنجیدگی سے غور کررہے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ گریٹر زون کے تحت آر ٹی سی بس ڈپوز کے حدود میں پائی جانے والی کھلی فاضل اراضی پر کمرشیل کامپلکس ملٹی پلیکس ، پٹرول بنکس کی تعمیر کر کے قیام عمل میں لاکر آمدنی کے ذرائع میں اضافہ کرنے کی بھی تجویز زیر غور ہے ۔ ان تمام کو پیش نظر رکھتے ہوئے زونس میں کمی کرنے ، کمرشیل کامپلکسوں کی تعمیر کے ذریعہ ٹی ایس آر ٹی سی کو خسارہ سے باہر نکالنے کیلئے موثر اقدامات کیے جارہے ہیں اور اس سلسلہ میں ایک انتہائی اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔۔