حیدرآباد 27 نومبر (سیاست نیوز) شہر میں بسوں سے سفر کرنے والے مسافروں کیلئے عصری سہولتوں سے آراستہ بسیس 29 نومبر ہفتہ سے دستیاب رہیں گے ۔ آر ٹی سی ذرائع نے کہا کہ ایر کنڈیشنڈ سوپر ڈیلکس بسوں کا نیکلس روڈ کے پاس 29 نومبر کو چیف منسٹر مسٹر چندر شیکھر راو جھنڈی دکھا کر آغاز کریں گے ۔ نئی بس کی قیمت ایک کروڑ روپئے ہے ۔ اس طرح آر ٹی سی کی جانب سے حیدرآباد و سکندرآباد میں ایسی 80 بسیس چلائی جائیں گی ۔ مرکزکے تعاون سے روبہ عمل جے این این یو آر ایم اسکیم کے حصہ کے طور پر نئی اے سی سوپر ڈیلکس بسیس شروع کی جارہی ہیں ۔ ذرائع کے مطابق نئی بسوں کے آغاز کیلئے منعقد کی جانے والی سادہ لیکن پر اثر تقریب میں وزیر ٹرانسپورٹ مسٹر پی ستیہ ریڈی و دیگر وزراء ارکان اسمبلی وغیرہ بھی شریک رہیں گے ۔