ٹریفک مسائل کو حل کرنے کی مساعی ، جی ایچ ایم سی کی منصوبہ بندی
حیدرآباد ۔ 23 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن شہر کے دو مقامات آر ٹی سی کراس روڈ اور مشیر آباد جنکشن پر فلائی اوورس تعمیر کرنے کی تجاویز تیار کی ہے ۔ جس سے پانچ چوراستوں کے ٹریفک مسائل حل ہوسکتے ہیں ۔ استوپ کنسلٹنٹ کو تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے رپورٹ پیش کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے ۔ سڑکوں کی ترقی سے متعلق ایس آر ڈی پی اسکیم کے تحت شہر میں آر ٹی سی کراس روڈ اور مشیر آباد جنکشن پر مزید 2 فلائی اوورس تعمیر کرنے کی جی ایچ ایم سی نے منصوبہ بندی تیار کی ہے ۔ اگر دو فلائی اوورس تعمیر ہوتے ہیں تو 5 اہم چوراستوں کے ٹریفک مسائل حل ہونے کی امید کی جارہی ہے ۔ ان دونوں فلائی اوورس کو سکندرآباد ۔ فلک نما میٹرو کاریڈار کو کراس کرنا پڑے گا ۔ جی ایچ ایم سی نے استوپ کنسلٹنٹ کو تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے دو ماہ میں رپورٹ دینے کی ذمہ داری ہے ۔ شہر کے سب سے ٹریفک کے جنکشن میں آر ٹی سی کراس روڈ کا جنکشن بھی شامل ہے ۔ علاقے سکندرآباد ، کوٹھی ، عابڈس ، چارمینار اور پرانے شہر کو جوڑنے والی اہم سڑک ہے ۔ ساتھ ہی ایسٹ زون ، سنٹرل زون اور ویسٹ زون کو ایک دوسرے سے ملانے میں بھی ان سڑکوں کا اہم رول رہا ہے ۔ جی ایچ ایم سی نے 10 سال قبل ہی فلائی اوور تعمیر کرنے کی تجویز پیش کی تھی تاہم سیاسی مداخلت کے باعث کام آگے نہیں بڑھ سکا تھا ۔ ایس آر ڈی پی اسکیم کے تحت اندرا پارک جنکشن تا وی ایس ٹی جنکشن تک ایلوٹیڈ کاریڈار تعمیر کرنے کی تجویز تیار کی گئی ہے ۔ جس سے اندرا پارک جنکشن ، اشوک نگر ، آر ٹی سی کراس روڈ ، وی ایس ٹی جنکشنس میں ٹریفک کا بہاؤ کم ہونے کی توقع کی جارہی ہے ۔ میرٹ ہوٹل سے رام نگر ، چلکل گوڑہ جانے والی سڑک ، آر ٹی سی کراس روڈ تا سکندرآباد جانے والی روڈ مشیر آباد کی سڑک سے ملتی ہے ۔ قریب میں گاندھی ہاسپٹل ہونے کی وجہ سے ٹریفک مسائل ہے یہاں پر بھی ایک ایلوٹیڈ فلائی اوور تعمیر کرنے کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔۔