آر ٹی سی کا انتظامیہ تقسیم

حیدرآباد۔/3جون ، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کو اڈمنسٹریٹیو اساس پر بہر صورت آج تقسیم کردیا گیا۔ اس طرح اے پی ایس آر ٹی اور تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن علحدہ طور پر تشکیل دیا گیا۔ اس تشکیل کی روشنی میں آج یعنی 3جون سے آندھرا پردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن اور تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن علحدہ علحدہ طور پر اپنی کارکردگی کا آغاز کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ شب 2جون کی نصف شب تک آر ٹی سی کی تقسیم کا عمل جاری رہا اور بالآخر آج آر ٹی سی کو تقسیم کردیا گیا۔علاوہ ازیں آر ٹی سی کی تقسیم عمل میں آنے کے بعد بس بھون ہیڈ آفس میں آندھرا پردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کو اے بلاک الاٹ کیا گیا اور بس بھون میں واقع بی بلاک کو تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کیلئے الاٹ کیا گیا۔ مسٹر بی وی رمنا راؤ فی الوقت تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے جوائنٹ منیجنگ ڈائرکٹر کے عہدہ پر ہی فائز رہیں گے۔ آر ٹی سی کے باوثوق ذرائع نے یہ بات بتائی۔