کارپوریشن کی اراضیات کو لیز پر دینے کا فیصلہ ‘ جی وی رمنا
حیدرآباد ۔ یکم نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے اپنے مالی وسائل میں اضافہ کرنے متبادل مالی وسائل تلاش کرنے کی کوشش شروع کی ہے ۔ صرف بسیں چلانے اور بس اسٹیشن کے ذریعہ ملنے والے مختلف کرایوں کی آمدنی پر انحصار کئے بغیر دیگر وسائل کے ذریعہ مالی وسائل اکٹھا کرنے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ منیجنگ ڈائرکٹر ٹی ایس آر ٹی سی مسٹر جی وی رمنا راؤ نے کہاکہ ان اقدامات کے ایک حصہ کے طور پر آر ٹی سی کی خالی اراضیات کو پٹرولیم آئیل کمپنیوں کو لیز پر دینے کا فیصلہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ کسی سیزن کا پاس و لحاظ کئے بغیر سال بھر جاری رہنے والے پٹرول ڈیزل کی فروخت پر ٹی ایس آر ٹی سی انتظامیہ نے اپنی نظر ڈالی ہے۔ انھوں نے کہاکہ آر ٹی سی کی کھلی اراضیات کو کرایہ پر دینے سے حاصل ہونے والی رقومات سے آر ٹی سی کی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔ علاوہ ازیں بعض مقامات پر آؤٹ سورسنگ اسٹاف کے ذریعہ پٹرول بینکس چلا کر آمدنی حاصل کی جاسکتی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اس طرح کارپوریشن کو سالانہ 20 کروڑ کی آمدنی متوقع ہے۔ انہوں بتایا کہ کارپوریشن کی تلنگانہ میں زائداز 2700 ایکر کھلی اراضیات ہیں اور ان تمام کی مالیت زائداز 4465 کروڑ ہے۔ انھوں نے بتایا کہ آر ٹی سی کی کھلی اراضیات پر 52 پٹرول بنکس قائم کرنے سے ہندوستان پٹرولیم کارپوریشن نے رضامندی کا اظہار کیا۔ ان 52 پٹرول بینکس کے منجملہ 35 نئے پٹرول بینکس قائم کرنے کے لئے ٹی ایس آر ٹی سی نے ہندوستان پٹرولیم سے معاہدے بھی کئے ہیں ۔ پٹرول بینکس کیلئے اراضیات کے انتخاب کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔ اسی دوران ایچ پی سی ایل عہدیداروں نے بتایا کہ مختلف منظوریوں کے حصول کے ساتھ 17 نئے پٹرول بینکس قائم کرنے انتظامات کئے جائیں گے۔ اسکے علاوہ انڈین آئیل کارپوریشن نے 60 پٹرول پمپ قائم کرنے رضامندی ظاہر کی۔ انہوں نے بتایا کہ ایچ پی سی ایل کو لیز پر دی جانے والی اراضیات اور پٹرول بینکس چلائے جانے پر ٹی ایس آر ٹی سی کو سالانہ 10 کروڑ اور انڈین آئیل کے بینکس سے 10 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوسکتی ہے۔