حیدرآباد ۔ 22 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن انتظامیہ نے گریٹر حیدرآباد زون میں شروع کی جانے والی آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کو روکنے کی کوششوں کا آغاز کردیا ہے ۔ ہڑتال شروع کرنے کے لیے تلنگانہ مزدور یونین آر ٹی سی نے باقاعدہ طور پر ٹی ایس آر ٹی سی انتظامیہ کو نوٹس دی تھی ۔ جس کے پیش نظر آر ٹی سی انتظامیہ نے فوری حرکت میں آتے ہوئے آر ٹی سی ٹی ایم یو قائدین کے ساتھ جوبلی بس اسٹیشن میں اعلیٰ عہدیداران آر ٹی سی نے بات چیت کا آغاز کیا ۔ باوثوق ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ ٹی آیس آر ٹی سی ٹی ایم یو ( تلنگانہ مزدور یونین ) نے آر ٹی سی ملازمین کے دیرینہ حل طلب 32 مطالبات پیش کر کے ان مطالبات کی عاجلانہ یکسوئی کا مطالبہ کیا ۔ جس کی روشنی میں ہی عہدیداران آر ٹی سی نے تلنگانہ مزدور یونین قائدین کے ساتھ بات چیت کا آغاز کرتے ہوئے قائدین سے ہڑتال شروع نہ کرنے کی پر زور اپیل کی اور سمجھا جاتا ہے کہ یونین قائدین مطالبات کی یکسوئی پر زور دے رہے ہیں اور عہدیداران آر ٹی سی معمولی نوعیت کا تیقن دیتے ہوئے فی الوقت شروع کی جانے والی ہڑتال کو روکدینے پر زور دے رہے ہیں ۔۔