آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال ملتوی، بات چیت کامیاب

حیدرآباد۔/10ستمبر، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن ملازمین اور ورکرس کے دیرینہ حل طلب مطالبات کے سلسلہ میں اے پی ایس آر ٹی سی ایمپلائز یونین قائدین کی منیجنگ ڈائرکٹر آندھراپردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن مسٹر پورنا چندر راؤ کے ساتھ آج ہوئی بات چیت کامیاب رہی۔ اے پی ایس آر ٹی سی انتظامیہ کی جانب سے دیئے گئے تحریری تیقن پر کل یعنی 11ستمبر سے شروع کی جانے والی آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال ملتوی کردی گئی۔ اے پی ایس آر ٹی سی کے باوثوق ذرائع نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی انتظامیہ نے اے پی ایس آر ٹی سی ایمپلائز یونین قائدین کے مطالبات کو دوران بات چیت قبول کرلیا۔ ملازمین یونین قائدین اور اے پی ایس آر ٹی سی انتظامیہ کے مابین آج بس بھون میں بات چیت کیلئے اجلاس طلب کیا گیا اور بہت ہی خوشگوار ماحول میں منیجنگ ڈائرکٹر اے پی ایس آر ٹی سی مسٹر پورنا چندر راؤ نے آر ٹی سی ایمپلائز یونین قائدین کے ساتھ بات چیت کی۔