آر ٹی سی ملازمین کا ایجی ٹیشن ، بس سرویس متاثر

مسافرین بالخصوص دفاتر جانے والوں اور طلبہ کو مشکلات کاسامنا
حیدرآباد ۔ 2 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے ملازمین کے ایجی ٹیشن کے باعث آج بالخصوص دفاتر جانے والوں اور طلبہ کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کیوں کہ اس ایجی ٹیشن کے سلسلہ میں شہر کے زیادہ تر روٹس اور ریاست کے دوسرے مقامات پر بس سرویس کوہٹا لیا گیا ۔ کئی بس اسٹاپس پر پھنسے ہوئے مسافرین کے بڑے گروپس کو دیکھا گیا جب کہ کیاب اور آٹو رکشا ڈرائیورس نے اس صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مسافرین سے معمول کے کرایہ سے دوگنا کرایہ طلب کیا ۔ اس دوران اے پی ایس آر ٹی سی ملازمین نے سندریا وگنانا کیندرم سے کارپوریشن کے ہیڈکوارٹرس بس بھون کی طرف ایک بڑی ریالی نکالی تاکہ اس بھون کا گھیراو کرتے ہوئے تنخواہ میں اضافہ اور آر ٹی سی کی تقسیم کے عمل میں تیزی لانے کا مطالبہ کریں ۔ دونوں ریاستوں کے آر ٹی سی ملازمین اس ایجی ٹیشن میں حصہ لے رہے ہیں اور ورکرس یونینس کی جانب سے ان کے مطالبات کی تائید میں دونوں ریاستوں میں بس ہڑتال شروع کرنے کی نوٹس دئیے جانے کا امکان ہے ۔ یونین کے ذرائع نے یہ بات بتائی ۔۔