آر ٹی سی مزدور تنظیم کے نمائندوں سے آج کابینی سب کمیٹی کی بات چیت

ہڑتال کی نوٹس سے دستبرداری پر ہی بات چیت ، وزراء کا انتباہ
حیدرآباد ۔ 18 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : کابینی سب کمیٹی 19 مئی کو پھر ایکبار آر ٹی سی مزدور تنظیم کے نمائندوں سے تبادلہ خیال کرے گی ۔ ایک دن میں دو مرتبہ سب کمیٹی کے ارکان اور تلنگانہ مزدور یونین کے درمیان ہوئی بات چیت میں کوئی اتفاق رائے پیدا نہیں ہوا ۔ آر ٹی سی کے نقصانات پر چیف منسٹر برہم ہے ۔ آر ٹی سی مزدور تنظیموں کی جانب سے عہدیداروں پر حکومت کو جھوٹی اور بے بنیاد رپورٹس پیش کرنے کا الزام عائد کیا جارہا ہے ۔ آر ٹی سی کی مزدور تنظیموں نے تنخواہوں میں اضافہ کرنے کے ساتھ دوسرے مسائل کو حل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ہڑتال کی نوٹس پیش کی ہے ۔ ریاستی وزراء ایٹالہ راجندر ، جگدیش ریڈی اور رکن اسمبلی سرینواس گوڑ ، ٹی ایم یو کے قائدین اشوتم ریڈی وغیرہ نے وزراء کی سب کمیٹی سے ایک دن میں دو مرتبہ ملاقات کے باوجود دونوں کے درمیان اتفاق رائے پیدا نہ ہونے سے ہفتہ کو ایک اور ملاقات کرنے کا فیصلہ کیا ۔ وزراء نے آر ٹی سی کی ضرورت ، حکومت کی خدمات اور نقصانات کو گھٹانے پر روشنی ڈالی ۔ مزدور یونین کے نمائندوں نے وزراء کو بتایا کہ مزدوروں کے جذبات اور احساسات کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہرتال کی نوٹس دی ہے ۔ حکومت آر ٹی سی کے بھی پی آر سی کے علاوہ دوسرے مسائل فوری حل کریں ۔ وزراء نے انہیں بتایا کہ ہڑتال کی نوٹس سے دستبردار ہونے کے بعد ہی بات چیت کی جائے گی ۔ مزدور یونین کے ساتھ ایک دن میں دو مرتبہ بات چیت کرنے والے ریاستی وزراء ایٹالہ راجندر اور جگدیش ریڈی نے شام میں پرگتی بھون پہونچکر چیف منسٹر کے سی آر کو تفصیلات پیش کی اور تازہ حالت سے انہیں واقف کرایا ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ چیف منسٹر نے آر ٹی سی مزدور یونین کے طرز عمل پر دوبارہ اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ۔ وزراء مذاکرات شروع کرنے سے قبل ہڑتال کی نوٹس سے دستبرداری اختیار کرنے پر زور دے رہے ہیں ۔ آر ٹی سی مزدور تنظیم کے نمائندوں نے وزراء کو تیقن دیا کہ وہ اس مسئلہ اپنی عاملہ اور دوسری تنظیموں کے نمائندوں سے تبادلہ خیال کرنے کے بعد ہی قطعی فیصلہ کریں گے ۔ ہفتہ کو منعقد ہونے والے اجلاس میں کوئی نہ کوئی حل نکلنے کا امکان ہے ۔۔