آر ٹی سی بس شلٹرس کو عصری بنانے کی تجویز

قدیم بس اسٹانڈس کے مقامات کی نشاندہی ، بلدیہ کی آمدنی میں اضافہ کا منصوبہ
حیدرآباد۔28ستمبر(سیاست نیوز) شہر میں بتدریج بس شیلٹرس مفقود ہوتے جا رہے ہیں اور اب مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے جی ایچ ایم سی حدود میں 826نئے بس شیلٹرس کی تعمیر کا منصوبہ تیار کیا ہے اور ان بس شیلٹرس کی تعمیر خانگی‘ عوامی شراکت داری کے ذریعہ ہی ممکن بنائی جائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے ان بس شیلٹرس کی تعمیر کے ذریعہ بلدیہ کی آمدنی میں اضافہ کی تجویز ہے ۔ بس شیلٹرس کو عصری نوعیت کا بنایا جائے گا تاکہ شیلٹرس پر اشتہار کی گنجائش فراہم کرتے ہوئے خانگی اداروں اور ایجنسیوں کے ذریعہ جی ایچ ایم سی کی آمدنی میں اضافہ کیا جا سکے کیونکہ بس شیلٹرس مشتہرین کیلئے انتہائی موزوں مقام تصورکیا جاتا ہے ۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے جو منصوبہ تیار کیا ہے اس کے مطابق شہر کے ان بس شیلٹرس کی نشاندہی کی جائے گی جہاں سہولتوں کا فقدان ہے اور ان کی تجدید کاری کے ذریعہ انہیں بہتر بنایا جائے گا لیکن اس کے علاوہ ایسے 300 سے زائد مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں کسی زمانے میں نہیں بلکہ چند برس قبل تک بھی بس شیلٹر ہوا کرتے تھے اور دوبارہ ان مقامات پر بس شیلٹر کی تعمیر کو ممکن بنایا جائے گا تاکہ بس مسافرین کو سہولت کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے سکے۔دونوں شہروں کے کئی مقامات پر بس شیلٹر س کو غائب کردیا گیا لیکن ان مقاما ت پر اب بھی بسیں رکا کرتی ہیںکیونکہ بس اسٹاپ کی منتقلی عمل میں نہیں لائی گئی ہے ۔بلدی عہدیداروں اور آر ٹی سی عہدیداروں نے بتایاکہ شہر میں خوبصورت بس شیلٹرس کی تعمیر کا بلدیہ کا منصوبہ آر ٹی سی کیلئے بھی کافی سود مند ثابت ہوگا۔بلدی عہدیداروں نے بتایا کہ عصری طرز کے بس شیلٹرس میں ایل ای ڈی کی روشنی کے علاوہ فلیکس ہوں گے اور پر ہجوم مقامات کے بس شیلٹرس سے متصل عوامی سہولیات کے مراکز کی تعمیر کی بھی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اور بس شیلٹر میں بیٹھنے کیلئے عصری طرز کی کرسیوں کی تنصیب عمل میں لائی جائے گی۔بتایاجاتا ہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں نے جو منصوبہ تیار کیا ہے اس منصوبہ کے مطابق شہر حیدرآباد میں تعمیر کئے جانے والے ان بس شیلٹرس کے ذریعہ اشتہارات کی آمدنی میں اضافہ کیلئے شعبہ اشتہارات کے عہدیداروں اور ماہرین سے بھی مشاورت کا عمل جاری ہے۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ آئندہ ماہ نئے بس شیلٹرس کی تعمیر کے سلسلہ میں ٹنڈرس کی طلبی کا عمل شروع کردیا جائے گا اورا س خصوص میں بجٹ کی تخصیص کے لئے اسٹینڈنگ کمیٹی اجلاس میں تجویز پیش کی جائے گی۔