آر ٹی سی بسوں سے خارج ہونے والے دھوئیں سے فضائی آلودگی میں اضافہ

خانگی گاڑیوں کے ساتھ سختی ، آر ٹی سی بسوں کو چھوٹ ، پولیس اور پولیوشن کنٹرول بورڈ کو توجہ دینے کی ضرورت
حیدرآباد۔12ڈسمبر(سیاست نیوز) شہر میں گاڑیوں سے خارج ہونے والے دھوئیں کے سبب ہونے والی آلودگی کی سب سے اہم وجہ شہر میں دوڑنے والی ٹی ایس آر ٹی سی کی بسیں ہیں اور ان بسوں سے خارج ہونے والے دھوئیں کے سبب جو صورتحال پیدا ہورہی ہے اسے روکنے کے لئے بسوں کو بہتر بنانا اور انہیں تبدیل کیا جانا ناگزیر ہے ۔ شہر حیدرآباد میں فضائی آلودگی میں تیزی سے اضافہ ہوتا جا رہاہے اور اس اضافہ کے لئے گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو ذمہ دار قرار دیا جارہا ہے جب کہ خانگی گاڑیوں کو ٹریفک پولیس کی جانب سے روکتے ہوئے ان کے پولیوشن سرٹیفیکیٹ کی جانچ کی جاتی ہے جبکہ بسوں سے خارج ہونے والے دھوئیں پر کوئی توجہ نہیں دی جاتی بلکہ انہیں روکا بھی نہیں جاتا اور کہا جاتا ہے کہ شہر حیدرآباد میں مسافرین کی سہولت کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے لئے قدیم بسیں بھی استعمال کی جا رہی ہیں لیکن مسافرین کی سہولت کے نام پر شہریوں کی زندگیوں سے کھلواڑ کس حد تک درست ہے! تلنگانہ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ شہر حیدرآباد میں چلائی جانے والے بیشتر تمام بسوں سے خارج ہونے والی آلودگی کا جائزہ لیا جاتا ہے اور انہیں سرٹیفیکیٹ جاری کیا جاتا ہے اس کے باوجود بھی بعض بسوں سے دھواں خارج ہوتا ہے جو کہ شہر میں فضائی آلودگی کا سبب بنتا ہے۔ عہدیداروں نے اس بات کااعتراف کیا کہ بسوں کے ذریعہ خارج ہونے والے دھوئیں کے سبب شہر کی فضائی آلودگی میں اضافہ ہوتا ہے تو دوسری جانب کارپوریشن کی جانب سے اس آلودگی کو کم کرنے کے اقدامات بھی کئے جاتے ہیں اس کے باوجود بھی یہ مسئلہ جوں کیا توں برقرار ہے ۔ شہریو ںکا کہنا ہے کہ محکمہ ٹریفک پولیس کے عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ اضافی دھواں خارج کرنے والی سرکاری بسوں کو بھی روکتے ہوئے ان کے خلاف چالان کرنا شروع کریں تو ممکن ہے کہ تمام بسوں سے خارج ہونے والی فضائی آلودگی پر قابو پانے کے اقدامات کئے جا سکتے ہیں اور اگر محکمہ پولیس اور پولیوشن کنٹرول بورڈ کی جانب سے یہ اقدامات کئے جاتے ہیں تو ایسی صورت میں ان اقدامات کے ذریعہ شہر میں تیزی سے پھیلنے والی فضائی آلودگی پر قابو پایا جاسکتا ہے ۔ بتایاجاتاہے کہ تلنگانہ اسٹیٹ پولیوشن کنٹرول بورڈ کی جانب سے شہر میں فضائی آلودگی پر قابو پانے کیلئے اقدامات کے متعلق رپورٹ تیار کی جا رہی ہے اور اس رپورٹ میں سرکاری گاڑیوں بالخصوص بسوں کے سبب پھیلنے والی فضائی آلودگی کا تذکرہ کیا گیا ہے جس پر قابو پانے کی حکمت عملی کے سلسلہ میں غور کیا جا رہاہے۔