آر ٹی اے کی آن لائن خدمات مسدود

دوبارہ آغاز کا وقت بتانے سے عہدیداران قاصر ، عوام کو مشکلات کا سامنا
حیدرآباد ۔ 13 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ ریاست بھر میں محکمہ ٹرانسپورٹ میں آج پھر ایکبار ’ آن لائن سرویسیس ‘ مسدود ہوگئیں جس کی وجہ سے عوام کو کافی مشکلات سے دوچار ہونا پڑا ۔ اور عہدیداران متعلقہ یہ بتانے قاصر ہیں کہ آن لائن سرویسیس کا آغاز کب سے ممکن ہوسکے گا ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ گذشتہ ہفتہ بھی اچانک محکمہ ٹرانسپورٹ کی آن لائن سرویسیس میں رکاوٹ پیدا ہونے کے باعث ایسی ہی مشکلات عوام کو پیش آئیں تھیں ۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کے دفاتر کو ڈرائیونگ لائسنس کے حصول ، گاڑیوں کے رجسٹریشن وغیرہ کے علاوہ دیگر نوعیت کے کاموں سے آنے والے عوام کو گھنٹوں انتظار کرنے کے باوجود مایوسی کے ساتھ واپس لوٹنا پڑا ۔ اور آن لائن سرویسیس کی بحالی سے متعلق کوئی بھی عہدیدار واضح طور پر واقف کروانے کے موقف میں نہ رہنے کی وجہ سے عوام میں سخت تشویش کا اظہار پایا جارہا ہے ۔ بالخصوص شہر حیدرآباد میں واقع انتہائی اہم ریجنل ٹرانسپورٹ اتھاریٹی آفس میں مختلف کاموں سے آئے ہوئے سینکڑوں عوام کو کسی بھی نوعیت کی سہولتیں اور معلومات فراہم نہیں کی جانے کی وجہ سے عوام میں کافی غصہ اور برہمی کا اظہار پایا گیا ۔ اپنے کاموں سے خیریت آباد آر ٹی اے آفس آتے ہوئے عوام ( صارفین ) نے اس بات کی شکایت کی ہیں اور محکمہ ٹرانسپورٹ کے مختلف عہدیداروں و ملازمین کے طرز عمل پر بھی ان ہی عوام نے اپنی شدید برہمی کا اظہار کیا ۔ اسی دوران محکمہ ٹرانسپورٹ کے عہدیداروں کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ بعض فنی وجوہات کے باعث آن لائن سرویسیس مسدود ہوگئی ہیں ۔ تاہم جلد از جلد آن لائن سرویسیس کی بحالی کے لیے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ اور اس توقع کا اظہار کیا جارہا ہے کہ 14 مئی بروز منگل سے آن لائن سرویسیس کی بحالی یقینی ہوجائے گی ۔ ریاستی محکمہ ٹرانسپورٹ کے باوثوق ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ محکمہ کی آن لائن سرویسیس میں حالیہ چند دنوں سے مختلف فنی خرابیاں پائی جانے کی وجہ سے آن لائن سرویسیس بعض مرتبہ متاثر ہورہی ہیں اور بعض اوقات مکمل طور پر مسدود ہورہی ہیں ۔ تاہم اس مسئلہ کو مستقل اساس پر حل کرنے کے لیے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ان عہدیداروں کے مطابق ہی بتایا جاتا ہے کہ آج یعنی 13 مئی کے بک کئے ہوئے سلاٹس کو کل یعنی 14 مئی کے لیے تبدیل کئے گئے ہیں ۔ اسی ذرائع کے مطابق عہدیداران محکمہ ٹرانسپورٹ نے عوام ( صارفین ) کو درپیش مسئلہ پر عاجلانہ آن لائن سرویسیس ( خدمات ) کی بحالی میں تعاون کرنے کی پر زور خواہش کی ۔۔