حیدرآباد ۔ 2 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : سرکاری دفاتر میں کام انتہائی سست روی سے انجام دیا جانا عوام میں کافی مشہور ہے اور اب ایسے ہی کچھ مناظر اور حالات آر ٹی او آفس میں دیکھنے کو مل رہے ہیں ۔ جہاں نئی گاڑیوں کے ہائی سیکوریٹی کے حامل نمبر پلیٹس وقت پر نہیں لگائے جارہے ہیں جس کی وجہ سے عوام خانگی دکانات کا رخ کرنے پر مجبور ہورہے ہیں ۔ نئی گاڑیوں کے لیے ہائی سیکوریٹی رجسٹریشن پلیٹ ( ایچ ایس آر پی ) کے لیے آر ٹی او کے پاس ہی جانا پڑتا ہے لیکن شہر میں ہر آر ٹی او کے پاس صرف ایک ہی کاونٹر ہے جہاں نئی گاڑیوں کے لیے ایچ ایس آر پی لگایا جارہا ہے ۔ لیکن روزانہ سینکڑوں گاڑیوں کے لیے صرف دوپہر 2 بجے تا شام 5 بجے کا وقت دیا جارہا ہے اور یہ اوقات دفاتر اور دیگر آفسوں کے کارکردگی کے اوقات ہوتے ہیں جس سے بھی عوام کو مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جب کہ کئی افراد کو ایک سے زیادہ دن بغیر اپنا کام مکمل کیے واپس جانا بھی پڑ رہا ہے ۔ آر ٹی او ذرائع کے بموجب روزانہ نئی گاڑیوں کو اوسطا ایک ہزار نمبر پلیٹس نصب کرنے کا کام کیا جارہا ہے ۔ اس ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے نئی کار کے مالک محمد مقصود علی ( نام تبدیل ) نے کہا کہ انہیں ایس ایم ایس کے ذریعہ نمبر پلیٹس لگوانے کی ہدایت موصول ہوئی اور انہوں نے مقررہ وقت پر خیریت آباد آر ٹی او پہنچے لیکن آر ٹی او حکام نے کہا کہ انہیں ہنوز نمبر پلیٹ موصول نہیں ہوا ہے اور اس کے لیے مزید 2 تا 3 دن لگ سکتے ہیں ۔ ایک نمبر پلیٹ کے لیے سارا دن خراب کرنا پڑا اور جب آر ٹی او پہنچے تو کہا گیا کہ 2 یا 3 دن کے بعد کام ہوگا ۔ مقصود علی نے مزید کہا کہ اس سے بہتر باہر آدھے گھنٹے میں کام مکمل ہوجاتا ہے جس کے لیے سارا دن خراب کرنے کی ضرورت بھی نہیں ہے اور اپنی سہولت سے نمبر پلیٹ نصب کروالیا جاسکتا ہے ۔۔