آر ٹی آئی کارکن کا قتل

ہاپوڑ (یوپی) ۔ 18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ایک 70 سالہ آر ٹی آئی کارکن کو ان کے مکان کے باہر نامعلوم حملہ آوروں نے گولی مار کر ہلاک کردیا جس کے بعد حکام نے اس واقعہ کی تحقیقات اسپیشل ٹاسک فورس کے حوالے کردی اور مہلوک کے دیگر ارکان خاندان کیلئے سیکوریٹی فراہم کی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق منگت تیاگی جس نے اب تک آر ٹی آئی کی ایک دو نہیں بلکہ 14000 درخواستیں داخل کی ہیں جو خود اپنے آپ میں ایک ریکارڈ ہے اور اس طرح انہوں نے سرکاری محکموں میں بدعنوانیوں کے کئی معاملات کا پردہ فاش کیا۔

14 اپریل کو جب منگت تیاگی اپنے مکان کے باہر کھڑے ہوئے تھے تو ایک کار میں سوار تین افراد وہاں پہنچے اور انہیں گولی مار دی۔ دریں اثناء ہاپوڑ کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ راجیش کمار سنگھ نے بتایا کہ منگت کے ارکان خاندان کی زندگی کو بھی چونکہ خطرہ لاحق ہے اس لئے ڈسٹرکٹ اور پولیس انتظامیہ نے ان کے خاندان کو سیکوریٹی فراہم کی ہے جہاں آج سے ان کے گھر کے باہر دو پولیس اہلکار ہمیشہ موجود ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس قتل کی تحقیقات ایس ٹی ایف سے کروانے کی سفارش کی تھی جس کا عنقریب آغاز ہوگا اور انہیں یقین ہیکہ قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔