آر سی کنٹیا تلنگانہ کانگریس انچارج ، مکمل ذمہ داری

ڈگ وجئے سنگھ کی علحدگی ، غفلت لاپرواہی اور گروپ بندیوں کے الزامات
حیدرآباد ۔ یکم ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : کانگریس ہائی کمان نے ڈگ وجئے سنگھ کو تلنگانہ کانگریس انچارج کی ذمہ داری سے ہٹاتے ہوئے انچارج سکریٹری آر سی کنٹیا کو پارٹی انچارج کی مکمل ذمہ داری سونپ دی ہے ۔ ان سے تعاون کے لیے اے آئی سی سی کے سکریٹری ستیش جار کھولی کو نامزد کیا ہے ۔ ڈگ وجئے سنگھ پر حالیہ دنوں میں تلنگانہ میں پارٹی سرگرمیوں سے غفلت برتنے اور پارٹی میں گروپ بندیوں کو فروغ دینے کے الزامات تھے ۔ ان پر یہ بھی الزامات تھے وہ تفریح کے لیے حیدرآباد پہونچتے ہیں ۔ اضلاع کے دورے نہیں کرتے اور نہ ہی پارٹی قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے اضلاعی سطح پر عوامی اور پارٹی کے تنظیمی مسائل پر کبھی کوئی تبادلہ خیال کرتے ہیں ۔ واضح رہے کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل سے قبل کانگریس پارٹی ہائی کمان نے اے آئی سی سی جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ کو متحدہ آندھرا پردیش کا جنرل سکریٹری نامزد کیا تھا ۔ ریاست کی تقسیم کے بعد وہ دونوں تلگو ریاستوں میں کانگریس امور کے انچارج رہے اس کے علاوہ انہیں پڑوسی ریاست کرناٹک اور گوا کا بھی انچارج نامزد کیا گیا ہے ۔ گوا کے عام انتخابات میں کانگریس پارٹی کو سب سے بڑی جماعت بن کر ابھرنے کا موقع ملنے کے بعد کانگریس پارٹی حکومت تشکیل دینے سے قاصر رہی ۔ چند ماہ قبل انہیں کرناٹک کانگریس امور کی ذمہ داریوں سے سبکدوش کردیا گیا ۔ اس کے بعد آج انہیں تلنگانہ کانگریس امور انچارج کی ذمہ داری سے بھی ہٹادیا گیا ۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری جناردھن دیویدی نے احکامات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ پارٹی صدر مسز سونیا گاندھی نے ڈگ وجئے سنگھ کو تلنگانہ کی ذمہ داریوں سے علحدہ کردیا گیا ہے ۔ ان کی جگہ ابھی تک انچارج اے آئی سی سی سکریٹری کے فرائض انجام دینے والے آر سی کنٹیا کو تلنگانہ کانگریس امور کا مکمل انچارج نامزد کرتے ہوئے ان سے تعاون کرنے کے لیے سکریٹری اے آئی سی سی ستیش جارکھولی کو بھی نامزد کیا گیا ہے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے ان سے تعاون نہ کرنے کی پارٹی ہائی کمان سے ڈگ وجئے سنگھ کی شکایت کی تھی ساتھ ہی پارٹی میں گروپ بندیوں کو فروغ دینے کا ان پر الزام عائد کیا گیا تھا اس کے علاوہ پارٹی کے دوسرے قائدین نے بھی ڈگ وجئے سنگھ کی جانب سے پارٹی امور پر زیادہ وقت اور توجہ نہ دینے کی ہائی کمان سے شکایت کی تھی ۔ جس کا جائزہ لینے کے بعد اے آئی سی سی کے دوسرے جنرل سکریٹری کو تلنگانہ کی ذمہ داری سونپنے کے بجائے موجودہ انچارج سکریٹری آر سی کنٹیا کو مکمل ذمہ داری سونپتے ہوئے ڈگ وجئے سنگھ کو تلنگانہ کانگریس امور کی ذمہ داری سے ہٹا دیا گیا ہے ۔ تلنگانہ کے کئی کانگریس قائدین نے نئی ذمہ داری قبول کرنے پر آر سی کنٹیا کو مبارکباد پیش کی ہے ۔۔