نتیش کمار حکومت کی تائید ، ڈرامائی حالات کے دوران چھ ارکان کی پارٹی میں واپسی ۔ وجوہات معلوم کی جارہی ہیں : لالو پرساد
پٹنہ ؍ نئی دہلی ۔ 24 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) راشٹریہ جنتادل ( آر جے ڈی ) میں آج ڈرامائی صورتحال دیکھی گئی جہاں بہار میں پارٹی کے 22 کے منجملہ 13 ارکان اسمبلی نے علحدگی اختیار کرلی لیکن ان میں سے 6 نے بعد ازاں یہ دعویٰ کیا کہ وہ علحدہ گروپ میں شامل نہیں ہیں۔ آج کے یہ حالات آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کیلئے زبردست دھکہ ثابت ہوئے ۔ لوک سبھا انتخابات سے عین قبل آر جے ڈی میں پھوٹ اور ان ڈرامائی واقعات کا ایک اور اہم پہلو یہ رہا کہ تمام علحدگی اختیار کرنے والے ارکان نے نتیش کمار حکومت کی تائید کا اعلان کیا ہے۔ اسپیکر اسمبلی اُدے نارائن چودھری کو موسومہ مکتوب میں 13 آر جے ڈی ارکان جن میں سے پانچ مسلم ارکان ہیں ، پارٹی سے علحدگی کے بارے میں مطلع کیا ۔ اس مکتوب پر تمام 13 ارکان نے دستخط کئے ہیں۔ اسمبلی سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ 13 ارکان کی درخواست پر فی الحال عبوری طورپر یہ انتظام کیا گیا ہے کہ انھیں علحدہ گروپ کے طورپر بیٹھنے کی اجازت دی گئی ۔
جن آر جے ڈی ارکان اسمبلی کے اس مکتوب پر دستخط کئے گئے ہیں اُن میں سمراٹ چودھری ، رگھوویندر پرتاب سنگھ ، درگا پرساد سنگھ ، للت یادو ، انرودھ کمار ، جتیندر رائے ، اخترالاسلام شاہین ، اخترالایمان ، عبدالغفور ، فیاض ، جاوید اقبال انصاری ، رام لکھن رام رمن اور چندرشیکھر شامل ہیں۔ آر جے ڈی میں پھوٹ کے فوری بعد 6 ارکان اسمبلی نے پارٹی چھوڑنے کی تردید کی اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اسپیکر کو روا نہ کردہ مکتوب پر انھوں نے کوئی دستخط نہیں کئے ہیں۔ آر جے ڈی لیجسلیچر پارٹی لیڈر عبدالباری صدیقی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ ارکان اسمبلی کے دستخط مختلف اغراض جیسے اسمبلی سیشن کے دوران تحریک توجہ دہانی وغیرہ کیلئے حاصل کئے گئے تھے ۔ انھوں نے دانستہ طورپر آر جے ڈی چھوڑنے کے مقصد سے کسی مکتوب پر دستخط نہیں کئے ہیں۔ اُن کے ساتھ دھوکہ ہوا ہے ۔ انھوں نے بتایا کہ آر جے ڈی لیجسلیچر پارٹی کا کل ایک اجلاس منعقد کیا جارہا ہے جس میں مزید چند ارکان اسمبلی اپنا موقف واضح کریں گے ۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کی ایماء پر اُن کی پارٹی کے ساتھ یہ دھوکہ کیا جارہا ہے ۔ لالو پرساد یادو نے پارٹی میں پھوٹ کی اطلاعات کو زیادہ اہمیت نہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کررہے ہیں ۔ انھیں بھی پارٹی کی حالیہ سرگرمیوں کے بارے میں ا طلاع ملی اور یہ معلوم کیا جارہا ہے کہ حقیقت کیا ہے ۔ آر جے ڈی ذرائع کے مطابق لالو پرساد یادو 13 ارکان اسمبلی سے شخصی طورپر رابطہ قائم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔