نئی دہلی ۔ 2 جنوری۔( سیاست ڈاٹ کام ) وزارت فینانس نے آج کہاکہ آر بی آئی بانڈس اسکیم بند نہیں کی گئی ہے لیکن اس پر دی جانیوالی شرح سود کو گھٹاکر 7.75 فیصد کردیا گیا ہے ۔ حکومت نے گزشتہ روز کہا تھا کہ حکومت ہند کی بچتیں ( قابل ٹیکس ) بانڈس 2003 ء ’’2جنوری 2018 منگل کو کاروبار کے اختتام پر قابل اشتراک نہیں رہیں گے ‘‘ ۔ معتمد اقتصادی اُمور ایس سی گارگ نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں کہاکہ ’’8 فیصد سیونگ بانڈس جو آر بی آئی بانڈس اسکیم سے بھی معروف ہے بند نہیں کی گئی ہے بلکہ 8 فیصد اسکیم کو 7.75 فیصد سیونگ بانڈس اسکیم سے تبدیل کیا جارہاہے ‘‘۔ یہ قابل محصول بانڈس غیرمقیم ہندوستانیوں ( این آر آئیز) کے سواء دیگر تمام گاہکوں کے لئے ہیں اور ان میں سرمایہ کاری کی کوئی اعظم ترین حد مقرر نہیں ہے ۔ چھوٹی بچتوں کی حوصلہ افزائی کے مقصد سے 2003 ء میں حکومت نے 8 فیصد شرح سود کی پیشکش کے ساتھ یہ بانڈس متعارف کی تھی جن کے اشتراک 21 اپریل 2003 ء سے شروع ہوئے تھے اور چھ سالہ مدت مقرر کی گئی تھی ۔