آر ایس ایس کے مقابلہ کا عزم  لالو پرساد کے فرزند کی نئی تنظیم کا قیام

پٹنہ ۔ 3 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) صدر آر جے ڈی لالو پرساد کے بڑے فرزند وزیر صحت بہار تیج پرتاب یادو نے نوجوانوں کی ایک نئی تنظیم دھرم نرپیکش سیوک سنگھ قائم کی ہے جو بہار میں راشٹریہ سیوم سیوک سنگھ کا مقابلہ کرے گی اور بعد ازاں ملک گیر سطح پر بھی ایسا ہی کیا جائے گا ، حالانکہ آر جے ڈی کے ذرائع نے کہاکہ نئی تنظیم چند ماہ قبل قائم کی گئی تھی لیکن پوسٹرس اور بیانرس میں جو پٹنہ میں سابق چیف منسٹر رابڑی دیوی کی قیامگاہ پر اُن کے فرزند تیج پرتاب نے آویزاں کئے ہیں نئی تنظیم کا قیام چند دن قبل ہونے کی اطلاع دی گئی ہے ۔ وزیرصحت نے کہا کہ ہم آر ایس ایس اور اُس کے انتشار پسند نظریہ کی سخت مزاحمت کریں گے ۔ نئی تنظیم کے ارکان تمام علاقوں اور برادریوں کے ہوں گے ۔ آر ایس ایس نے ہندو یوا واہنی جیسی تنظیمیں قائم کی ہیں جو سماج کے ٹکڑے کرنا چاہتی ہیں ، اس لئے ملک گیر سطح پر بھی اس کامقابلہ کیا جائے گا ۔