آر ایس ایس کے سرسنچالک کے پروگرام کی بکنگ منسوخ

سرکاری زیرانتظام آڈیٹوریم کا اقدام ، تعمیر و مرمت اور جدید کاری کا عذر

کوکلکتہ ۔ 5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) آر ایس ایس نے آج الزام عائد کیا کہ سرکاری زیرانتظام ایک مقامی آڈیٹوریم جہاں اس کے سرسنچالک موہن بھاگوت کا پروگرام مقرر تھا، اس تقریب کی بکنگ منسوخ کردی گئی ہے۔ موہن بھاگوت 3 اکٹوبر کو اس آڈیٹوریم میں ایک تقریب میں شرکت کرنے والے سے بکنگ منسوخ کرنے کے اقدام کی راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کی جانب سے مذمت کی گئی لیکن آڈیٹوریم کے عہدیداروں کا کہنا ہیکہ تعمیر و مرمت اور جدید کاری کا کام اسی وقت ہونے والا ہے چنانچہ یہ سہولت حفاظت اور صیانت کی وجوہات کی بناء پر فراہم نہیں کی جاسکتی۔ آر ایس ایس کے ترجمان برائے ریاست جشنو باسو نے الزام عائد کیا کہ یہ پہلی بار نہیں ہے جبکہ ایسا اقدام کیا گیا ہو۔ قبل ازیں بھی سرکاری (حکومت مغربی بنگال) نے ایسا ہی اقدام کیا تھا۔ ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔ سسٹر نویدیتا کے ترجمان نے کہا کہ ان کی 150 ویں یوم پیدائش تقریب کمیٹی نے مہاجاتی سدن کو اپنے پروگرام کیلئے بک کیا تھا جس کا دعویٰ ہیکہ اس آڈیٹوریم کے عہدیداروں نے جون میں بکنگ قبول کی تھی لیکن گذشتہ ہفتہ آڈیٹوریم کے عہدیداروں نے پہلے تو کہا کہ ہمیں پولیس کی اجازت کی ضرورت ہے۔ جب ہم نے ان کو اطلاع دی کہ ہم پہلے ہی پولیس کو پروگرام کے بارے میں اطلاع دے چکے ہیں، انہوں نے کہا کہ جدیدکاری کا کام آڈیٹوریم میں اسی وقت کیا جانے والا ہے اور پروگرام وہاں منعقد نہیں کیا جاسکتا۔ رنتیدیو سین گپتا جنرل سکریٹری تقاریب کمیٹی نے اس کا انکشاف کیا۔ آڈیٹوریم کے ذرائع کے بموجب جدید کاری اور ترمیم کا کام شروع کیا جانے والا ہے چنانچہ یہ سہولت تقریب کیلئے صیانت اور حفاظت کی وجوہات کی بناء پر فراہم نہیں کی جاسکتی۔ دیگر تنظیموں کی اسی وقت میں بکنگ بھی منسوخ کی جاچکی ہے۔