نئی دہلی ۔ 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) آر ایس ایس نے بی جے پی اور اپنی تمام 40 حلیف تنظیموں کی اعلیٰ قیادت کو یکم ؍ ستمبر سے متھرا میں اپنے سہ روزہ سالانہ رابطہ اجلاس کیلئے مدعو کیا ہے تاکہ ان کے کاموں کا جائزہ لیا جاسکے، سنگھ کے سینئر عہدیدار نے یہ بات بتائی۔ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے عہدیدار نے یہ کہا کہ اس میٹنگ میں موجودہ مسائل پر غوروخوض بھی کیا جائے گا۔ بایاں بازو کی حکمرانی والے کیرالا اور سربراہ ڈیرہ سچا سودا گرمیت رام رحیم کی گرفتاری کے بعد ہریانہ میں پیش آئے حالیہ تشدد میں آر ایس ایس کیڈر کی ہلاکتیں ان مسائل میں سے ہوں گی جن پر تین روزہ اجلاس میں بات ہوگی۔ آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت، جنرل سکریٹری بھیاجی جوشی، صدر بی جے پی امیت شاہ اور وی ایچ پی کے پراوین توگاڈیہ اس میٹنگ میں شریک ہونے کا امکان ہے۔ اترپردیش میں بی جے پی کی اقتدار پر واپسی کے بعد سے آر ایس ایس کی یہ پہلی بڑی میٹنگ رہے گی۔ بعض ریاستی بی جے پی قائدین کی بھی شرکت متوقع ہے۔ آر ایس ایس کے پرچار پرموکھ منموہن ویدیا نے اس میٹنگ کو معمول کا اجلاس قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ پریوار کے تمام گوشوں کیلئے یہ ایک پلیٹ فارم ہے کہ اپنے متعلقہ شعبوں میں کئے گئے کاموں کی تفصیلات پیش کرسکیں۔