شیلانگ ۔ 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے آر ایس ایس میں خواتین کیلئے اہمیت کے فقدان کی مذمت کی اور کہا کہ اس زعفرانی تنظیم میں خواتین کا وجود صفر کے برابر ہے۔ راہول نے سینٹ ایڈمنڈس کالج میں خطاب کے دوران کہا کہ ’’کوئی جانتا ہیکہ آر ایس ایس کے کتنے کلیدی عہدے خواتین کے پاس ہیں؟ یہ (تعداد) صفر ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ’’آپ جب بھی مہاتما گاندھی کی تصویر دیکھیں گے پس منظر میں خواتین بھی دیکھی جائیں گی لیکن جب آپ موہن بھاگوت کی تصویر دیکھیں گے تو وہ ہمیشہ تنہا یا مردوں میں گھرے نظر آئیں گے۔ وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف آج پھر ایک مرتبہ ’’سوٹ بوٹ کی سرکار‘‘ کا طنزیہ ریمارک کیا اور کہا کہ وہ غریبوں کے ساتھ نہیں بلکہ ہمیشہ سوٹ بوٹ پہنے ہوئے افراد کے ساتھ نظر آتے ہیں۔ راہول گاندھی نے گذشتہ روز پہنے ہوئے سیاہ جیکٹ کی قیمت پر بی جے پی کی میگھالیہ یونٹ کی طرف سے کی گئی تنقید کی پرواہ کئے بغیر کہا کہ ’’وزیراعظم کو آپ کبھی کسی غریب کو گلے لگاتے، غریب سے بات کرتے ہوئے اور حتیٰ کہ غریب سے ملتے ہوئے کبھی نہیں دیکھیں گے۔ آپ انہیں دوسروں کے ساتھ دیکھیں گے‘‘۔ راہول نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ ’’انہوں (مودی) نے غریبوں کے ساتھ ایک خاص فاصلہ رکھا اور ایسی دوری انہوں نے مسٹر اوباما یا دوسروں سے نہیں رکھی‘‘۔ راہول نے کہا کہ ’’اس مسئلہ کی حقیقت یہ ہیکہ وہ (مودی) ہنوز سوٹ بوٹ شخص ہیں۔ انہوں نے کچھ نہیں کیا‘‘۔ راہول گاندھی میگھالیہ میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کی مہم میں مصروف ہیں۔