آر ایس ایس لیڈر کے قتل کی سی بی آئی تحقیقات کیرالا میں سی پی ایم کے 3 کارکن گرفتار

کنور ۔ 21 ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : سی بی آئی نے آج آر ایس ایس لیڈر ای منوج کے قتل کے الزام میں سی پی ایم کے 3کارکنوں کو گرفتار کرلیا ہے ۔ یہ واقعہ یکم ستمبر کو ضلع کنور میں پیش آیا تھا ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی درخواست پر سی بی آئی تحقیقاتی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد یہ پہلی گرفتاری ہے جب کہ گرفتار شدگان میں سی پی ایم کے مقامی قائدین سین ، ریجو اور بیجو شامل ہیں ۔ سیاسی تشدد سے متاثرہ کتھیرور میں 42 سالہ آر ایس ایس کے سرگرم کارکن منوج پر حملہ کر کے قتل کردیا گیا تھا ۔ آر ایس ایس ۔ بی جے پی لیڈروں نے الزام عائد کیا تھا کہ اس قتل کے پس پردہ سی پی ایم محرک ہے یہ واقعہ بی جے پی صدر امیت شاہ کے دورہ ترونتھاپورم کے موقع پر پیش آیاتھا ۔ مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے چیف منسٹر اومن چینڈی سے ربط قائم کر کے ریاست میں سیاسی اور سماجی کارکنوں کے قتل پر تشویش کا اظہار کیا تھا اور اس طرح کے واقعات پر سخت کارروائی کی ہدایت دی تھی ۔ ریاستی حکومت نے ڈائرکٹر جنرل پولیس مسٹر کے ایس بالا سبرامنیم کی رپورٹ کی بنیاد پر مذکورہ قتل کیس کی تحقیقات سی بی آئی کے حوالے کردی ۔ انہوں نے یہ اندیشہ ظاہر کیا کہ اس قتل میں بین ریاستی محرکات حتی کہ بیرونی ہاتھ بھی ہوسکتا ہے ۔۔