آر ایس ایس سربراہ کار حادثہ میں بال بال بچ گئے

نئی دہلی ۔ 4 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت آج اُس وقت بال بال بچ گئے جب ان کی کار ہریانہ حکومت کی گاڑی سے ٹکراگئی جبکہ وہ ایرپورٹ جارہے تھے ۔ سرکاری موٹر گاڑی کے ڈرائیور کو لاپرواہی سے ڈرائیونگ کرنے پر گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ پولیس کے مطابق ٹکر دینے والی گاڑی ٹاٹا سومو ہے جو ہریانہ حکومت سے تعلق رکھتی ہے ۔ جب حادثہ پیش آیا پنجورے ہریانہ کے شہری 40 سالہ سوہن لال ڈرائیونگ کررہے تھے ۔ سوہن لال دہلی کے مضافات میں واقع گڑگاؤں میں ایک اجلاس میں شرکت کے لئے ہریانہ حکومت کے چیف اکاؤنٹ آفیسر کو لے جارہا تھا کہ یہ حادثہ جنوب مغربی دہلی کے کناٹ علاقہ میں پریڈ روڈ پر رات 12:06 پر پیش آیا ۔ ٹاٹا سومو نے بھاگوت کی گاڑی کو ٹکر دی ۔ اس واقعہ میں کوئی زخمی نہیں ہوا ۔ چیف اکاؤنٹ آفیسر کو معمولی سی پوچھ گچھ کے بعد چھوڑ دیا گیا ۔ پولیس نے کہا کہ ٹاٹا سومو نے بھاگوت کے موٹر قافلے میں گھس کر ٹکر دی اور آر ایس ایس سربراہ اپنی خانگی گاڑی میں ایرپورٹ کیلئے روانہ ہوئے جہاں سے انھوں نے گورکھپور کیلئے پرواز کی ۔ آر ایس ایس ترجمان رام مادھو نے کہا کہ بھاگوت جی تندرست ہیں ۔