آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت ورلڈ ہندو کانگریس میں کلیدی خطاب کرینگے

واشنگٹن ۔ 4 ستمبر (ساست ڈاٹ کام) آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت ورلڈ ہندو کانگریس میں ایک کلیدی مقرر ہوں گے جو اس ہفتہ کے آخر میں شکاگو میں منعقد ہوگی جس میں دنیا بھر سے ہندو لیڈرس شرکت کریں گے۔ یہ کانگریس دنیا بھر کے ہندو لیڈرس کا ایک اجتماع ہوگی، اس تنظیم نے یہ بات بتائی۔ شکاگو میں 7 تا 9 ستمبر منعقد ہونے والی اس سہ روزہ ورلڈ ہندو کانگریس میں 80 ممالک سے 2,500 سے زائد مندوبین شرکت کریں گے۔ بھاگوت اس کانگریس میں ان کے کلیدی خطاب میں امکان ہیکہ اجتماعی سوچ کے تھیم پر توجہ دیں گے۔ آر ایس ایس سربراہ توقع ہیکہ اس بات پر زور دیں گے کہ دنیا بھر میں پھیلی ہوئی ہندو کمیونٹی انسانیت کی بہتری کیلئے متحد ہوجائے اور ان کی سوچ ایک جیسی ہو۔ اس میگا ایونٹ میں اہم رول ادا کرنے والے سوامی وگیانند نے یہ بات کہی۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں پی ٹی آئی کو بتایا کہ ورلڈ ہندو کانگریس کا نظریہ ہندو سماج کو متحد اور مستحکم کرنا ہے اور سماج کے مفادات کو ملحوظ رکھنے کے علاوہ دیگر مراعات سے محروم کمیونٹیز کی مدد کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوئی مذہبی کانفرنس نہیں ہے۔ وگیانند نے کہا کہ یہ کانفرنس نہ مذہبی ہے نہ ہی فلاسفی۔ اس کانفرنس میں کمیونٹی ایشیوز پر توجہ مبذول کی جائے گی۔ اس میں ان امور پر توجہ دی جائے گی جو دورحاضر میں کسی کمیونٹی کی ترقی کیلئے اہم ہیں۔