حیدرآباد ۔ 3 ۔ ستمبر : ( آئی این این ) : ریاستی بی جے پی نے کہا ہے کہ تلنگانہ حکومت حکم نامہ کے ذریعہ سالانہ بجٹ کی منظوری کے لیے منصوبہ سازی کررہی ہے ۔ یہاں میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بی جے پی قائد اندر سین ریڈی نے کہا کہ ریاستی حکومت اس بات کی مجاز نہیں ہے اور حکم نامہ کے ذریعہ بجٹ کی منظوری راست طور پر دستوری خلاف ورزی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ پچھلے تین ماہ کی ناکام کارکردگی کے سبب اپوزیشن کا سامنا کرنے کترا رہے ہیں ۔ بی جے پی قائد نے کہا کے سی آر کسانوں کو قرض اور فیس ری ایمبرسمنٹ موضوع کو ایک نیا موڑ دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی پانچ یونیورسٹی میں کوئی وائس چانسلر نہیں ہیں ۔ یونیورسٹیز میں فنڈس کی قلت ہے تاہم چیف منسٹر اور نہ ہی وزیر تعلیم اس جانب توجہ دے رہے ہیں ۔ انہوں نے گھریلو سروے کو ناکام بتاتے ہوئے کہا کہ قیام تلنگانہ میں اہم کردار ادا کرنے والے ملازمین ، طلبہ ، ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی سے مایوس ہوچکے ہیں ۔۔
اساتذہ اپنے طلبہ کیلئے رول ماڈل ثابت ہوں ، ریاستی وزیر تعلیم
حیدرآباد ۔ 3 ۔ ستمبر : ( آئی این این ) : ریاست تلنگانہ کے وزیر تعلیم جگدیشور ریڈی نے اساتذہ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے طلبہ کے لیے رول ماڈل ثابت ہوں ۔ یہاں ریاستی سکریٹریٹ میں مختلف ٹیچرس اسوسی ایشن کے ساتھ جائزہ اجلاس کے دوران ریاستی وزیر نے اساتذہ سے کہا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کریں اور عصری تعلیمی طریقہ کار کو اپنائیں ۔ انہوں نے اساتذہ کو طلبہ کے ساتھ بہتر تعلقات بنائے رکھنے اور ساتھ ہی طلبہ کی ہمت افزائی کا مشورہ دیا ۔ ریاستی وزیر تعلیم جگدیشور ریڈی نے کہا کہ ریاستی حکومت اساتذہ کو درپیش مسائل کی یکسوئی کے لیے تمام تر اقدامات بروئے کار لارہی ہے ۔