آرڈیننس کا عدم اجرا‘ کسانوں سے مذاق : یچوری

نئی دہلی۔30اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) سی پی آئی (ایم ) نے آج وزیراعظم نریندر مودی پر متنازعہ حصول اراضی آرڈیننس کی میعاد کل ختم ہونے کے ساتھ ہی اس کے دوبارہ عدم اجراء کے تیقن کو کاشتکاروں کے ساتھ ایک ’ بے رحم مذاق‘ قرار دیا ۔ سی پی آئی ( ایم) کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری نے مودی کی جانب سے ’من کی بات‘ ریڈیو پروگرام میں اعلان پر ردعمل میں کہا کہ یہ کاشتکاروں کے ساتھ ایک بے رحم مذاق ہے ۔ اگر حکومت اب اس آرڈیننس کو ختم ہوجانے کی اجازت دے رہی ہے تو اس نے تین بار یہ آرڈیننس جاری کیوں کیا تھا ‘ جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی ۔ انہوں نے کہا کہ حصول اراضی آرڈیننس کو ختم ہونے کی اجازت دینے کا فیصلہ واضح طور پر مقبول عام احتجاج کا نتیجہ ہے جو حکومت کے اس اقدام کے خلاف کیا گیا تھا جس کی وجہ سے وزیراعظم نریندر مودی گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوگئے ۔ مودی کے اس بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہ آرڈیننس کے 13پہلو  قواعد کے ذریعہ اس میں شامل کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کا تیقن کہ راست مالی فائدہ کاشتکاروں کو پہنچائیں گے ‘ مکمل طور پر دھوکہ ہے اور کاشتکاروں کے بارے میں حکومت کی پالیسی اب بھی بے رحمانہ ہے ۔ یچوری نے کہا کہ ایک طرف تو مودی نے آرڈیننس کو ختم ہونے کا موقع دینے کا اعلان کیا ہے ‘ دوسری طرف وزیر فینانس ارون جیٹلی یہ کیوں کہہ رہے ہیں کہ آرڈیننس پر قطعی فیصلہ کا علم پیر کو ہوسکے گا ۔