جموں ۔ 19 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سابق چیف منسٹر اور نیشنل کانفرنس لیڈر عمر عبداللہ نے آج زور دے کر کہا کہ دستور کی دفعہ 370 کو ہرگز برخاست نہیں کیا جاسکتا اور نہ ہی جموں و کشمیر کو دیا گیا خصوصی موقف چھینا جاسکتا ہے۔ عمر عبداللہ نے آج یہاں قانون ساز اسمبلی میں بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کو خصوصی موقف دیا گیا ہے جس کو ماضی میں چھین لیا گیا تھا، اب مزید اس کو چھینا نہیں جاسکتا۔ آپ لوگ (بی جے پی۔ پی ڈی پی) جموں و کشمیر ریاست سے دفعہ 370 کو برخاست نہیں کرسکتے۔ گورنر کے خطبہ پر تحریک تشکر میں حصہ لیتے ہوئے عمر عبداللہ نے جموں و کشمیر کو دیئے گئے خصوصی موقف کے مسئلہ پر حکومت کی تقریر کا حوالہ دیا اور کہا کہ ’’جیسا کہ آپ نے بی جے پی سے کچھ تحفے حاصل کئے ہیں اور دفعہ 370 پر چپ رہنے کا معاوضہ مل چکا ہے، اس کو ہم ہرگز قبول نہیں کرسکتے۔ دفعہ 370 پر خاموشی آپ کی مجبوری ہوسکتی ہے، ہماری نہیں۔ لیکن آپ اس دفعہ پر خاموشی کیوں اختیار کئے ہوئے ہیں۔ سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی جی نے بھی اس پر خاموشی اختیار کی تھی، آپ بھی یہی کریں گے تو وہ بھی دفعہ 370 پر خاموش ہی رہیں گے۔ عمر عبداللہ نے مفتی سعید حکومت کو للکارتے ہوئے کہا کہ وہ ریاست میں کابینہ کی جانب سے فیصلہ کرتے ہوئے ریاست میں نافذ خصوصی اختیارات قانون کو برخاست کرنے کی ہمت دکھائیں۔ میں نے بھی اس قانون کو واپس لینے کی بے حد کوشش کی تھی۔ اگرچیکہ یہ قانون میری حکومت کے ابتدائی دنوں کے دوران ہی نافذ ہوا تھا، لیکن اس پر عمل آوری نہیں ہوئی تھی‘‘۔اپوزیشن لیڈر اور سابق چیف منسٹر عمر عبداللہ نے آج یہ استفسار کیا کہ آیا حکومت نے مرکز کی بی جے پی یا آر ایس ایس کے دباؤ کے تحت ہی قومی پرچم کے ساتھ ریاستی پرچم لہرانے کے تعلق سے اپنے سرکیولر کو واپس لیا ہے۔ عمر عبداللہ نے مزید سوال کیا کہ آخر مفتی محمد سعید حکومت کی کیا مجبوری تھی کہ اس نے ریاستی پرچم کو لہرانے کیلئے اپنے سرکیولر کو واپس لے لیا۔ کیا یہ ہدایت ناگپور سے ملی تھی جو آر ایس ایس کا ہیڈکوارٹرس ہے۔ میں یہ سمجھنے سے قاصر ہوں کہ اس سرکیولر سے دستبرداری کی کیا وجہ تھی۔
ہندوستان ، پاکستان کیساتھ تمام مسائل کی یکسوئی کا خواہاں
نئی دہلی۔ 19 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) معتمد خارجہ ایس جئے شنکر نے پاکستان کو بتایا کہ ہندوستان ، شملہ معاہدہ اور لاہور اعلامیہ کے فریم ورک کے اندر تمام مسائل کی یکسوئی کا پابند عہد ہے۔ اگر دہشت گردی اور تشدد سے پاک ماحول پایا جاتا ہے تو ہندوستان اپنے پڑوسی ملک پاکستان کے ساتھ تمام مسائل کی یکسوئی کی کوشش کرے گا۔ حکومت نے آج بتایا کہ معتمد داخلہ کے دو ہفتہ قبل دورہ اسلام آباد کے دوران ہندوستان کے جذبہ سے واقف کروایا گیا ہے۔ مملکتی وزیر برائے خارجی اُمور وی کے سنگھ نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جئے شنکر نے پاکستانی ہم منصب اعجاز چودھری سے اپنی ملاقات کے دوران تمام مسائل پر بات چیت کی ہے۔ ان میں سرحد پار کی دہشت گردی اور 26/11 حملوں کے کیس میں پیشرفت کے فقدان پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔