خانگی ہاسپٹلس میں کارڈس ناقابل قبول ، تلنگانہ حکومت کو توجہ دینے کی ضرورت
حیدرآباد۔ 13 اکتوبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں آروگیہ شری اسکیم کے متعلق واضح رہنمایانہ خطوط نہ ہونے کے باعث عوام کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ متحدہ ریاست آندھرا پردیش میں شروع کردہ آروگیہ شری اسکیم میں غریب و متوسط طبقہ کے افراد کارپوریٹ ہاسپٹل میں مختلف بیماریوں کے علاج کروانے کے علاوہ عارضہ قلب وغیرہ کے بڑے آپریشنس بھی کرواسکتے تھے، لیکن ریاست کی تقسیم کے بعد آروگیہ شری اسکیم کے متعلق وضاحت نہ ہونے کے سبب بیشتر خانگی ہاسپٹلس آروگیہ شری کارڈس قبول کرنے سے انکار کررہے ہیں۔ ریاست تلنگانہ میں آروگیہ شری اسکیم پر موثر عمل آوری کیلئے یہ ضروری ہے کہ حکومت کی جانب سے کارپوریٹ ہاسپٹلس کو فوری ہدایات جاری کئے جائیں۔ کئی ہاسپٹلس آج بھی آروگیہ شری اسکیم کے کاؤنٹر اور ’’آروگیہ مترا‘‘ خدمات انجام دے رہے ہیں، لیکن ہاسپٹل انتظامیہ کی جانب سے ان کی رہنمائی کے متعلق سنجیدگی ختم ہوتی نظر آرہی ہے۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں کئی خانگی ہاسپٹلس میں خدمات انجام دے رہے آروگیہ مترا ملازمین کا ادعا ہے کہ حکومت کی جانب سے اسکیم کو برخاست کرنے سے متعلق کوئی احکام وصول نہیں ہوئے ہیں۔ اسی لئے ہاسپٹل انتظامیہ آروگیہ شری اسکیم پر عمل آوری کے لئے پابند ہیں جبکہ ہاسپٹلس کی جانب سے اس بات کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ اگر حکومت کی جانب سے علاج کئے جانے کے بعد بلس کی ادائیگی سے انکار کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں ہاسپٹلس کو نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔ خانگی ہاسپٹلس کے ذمہ داروں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے متعدد مرتبہ اسکیم کے متعلق شبہات کے اظہار کے سبب چند ہاسپٹلس نے اسکیم پر عمل آوری ترک کردی ہے جس کی بنیادی وجہ حکومت کی جانب سے اسکیم کے متعلق شبہات کا اظہار کیا جانا ہے۔ ہاسپٹل انتظامیہ کا استدلال ہے کہ اگر حکومت اسکیم کو جاری رکھنا چاہتی ہے تو ایسی صورت میں حکومت کو احکام جاری کرنے چاہئیں کہ ہاسپٹلس آروگیہ شری اسکیم کے تحت علاج و معالجہ کا سلسلہ جاری رکھے اور حکومت حسب سابق غریب عوام کے بلس کی ادائیگی یقینی بنائے گی۔ آروگیہ شری کے ذمہ دار عہدیداروں کی جانب سے واضح طور پر یہ کہا جارہا ہے کہ مذکورہ اسکیم کے متعلق حکومت کی جانب سے جب تک رہنمایانہ خطوط یا نئے احکام جاری نہیں کئے جاتے، اس وقت تک اسکیم پر عمل آوری برقرار رہے گی اور اسکیم سے متعلق عہدیدار و ملازمین خدمات انجام دیتے رہیں گے۔