آرمی ہیڈکوارٹرز میں ٹرانسفر ریاکٹ، لیفٹننٹ کرنل گرفتار

فوجی عہدیدار اور دیگر تین کو سہ روزہ سی بی آئی تحویل میں بھیج دیا گیا
نئی دہلی ، 3 جون (سیاست ڈاٹ کام) سی بی آئی نے آرمی ہیڈکوارٹرز میں ٹرانسفر ریاکٹ کے سلسلے میں ایک لیفٹننٹ کرنل اور ایک درمیانی شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔ بتایا گیا کہ آفیسرز مبینہ طور پر لاکھوں روپئے ادا کرتے ہوئے اپنی پوسٹنگ میں الٹ پھیر کروائے ہیں۔ سی بی آئی ذرائع نے آج کہا کہ لیفٹننٹ کرنل رنگناناتھن سورامنی مونی جس کی تعیناتی آرمی کے پرسونل ڈیویژن میں ہے، اسے اور ایک دلال گورو کوہلی کو گرفتار کیا گیا جبکہ بنگلورو کے ایک آفیسر کے تبادلے کیلئے 2 لاکھ روپئے کی مبینہ رشوت دی اور لی جارہی تھی۔خصوصی سی بی آئی نریش کمار ملہوترہ نے فوجی عہدیدار رنگاناتھن اور کوہلی کے بشمول دیگر تین افراد کو تین روز کیلئے سی بی آئی کی تحویل میں دے دیا ہے۔  تحقیقاتی ایجنسی کو بعض فوجی عہدیداروں کی خلاف ِ قانون سرگرمیوں کے بارے میں جانکاری ملی تھی اور دونوں آدمیوں کو گرفتار کرنے کیلئے جال بچھایا گیا۔ ذرائع نے کہا کہ ایجنسی نے سینئر آرمی آفیسرز کے رول والے ریاکٹ کا پتہ چلایا جو یہاں اس کے ہیڈکوارٹرز میں متعین ہیں۔ وہ بتایا جاتا ہے کہ ’’بھاری غیرقانونی رقمی وصولی‘‘ کے عوض پوسٹنگ میں پسند کا موقع دلا رہے تھے اور ایک ٹرانسفر کیلئے لاکھوں روپئے تک لئے جارہے تھے۔ اس افشاء سے آرمی میں سنسنی پھیل جانا یقینی ہے کیونکہ بعض مزید سینئر آفیسرز پر بھی اس کیس میں ملوث ہونے کا شبہ ہے۔ ایف آئی آر میں بریگیڈیئر ایس کے گروور (ڈی ڈی جی پرسونل ) بھی نامزد ہے لیکن ان کا نام ملزمین کی فہرست میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔