آرمی رکرووٹمنٹ بورڈکے امتحانی پرچوں کا افشاء

مہاراشٹرا اور گوا میں دھاوے ، 18 گرفتار، 350 طلبہ زیر تحویل
تھانے ۔ /26 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) فوج میں بھرتی کیلئے منعقد ہونے والے آرمی رکروٹمنٹ بورڈ کے امتحانی پرچوں کے مبینہ افشاء کے بعد تھانے پولیس کرائم برانچ نے مختلف مقامات پر دھاوے کرتے ہوئے مہاراشٹرا اور گوا سے 18 افراد کو گرفتار کرلیا ۔ امتحانی پرچوں کے افشاء کے ضمن میں تقریباً 290 طلباء کو تحویل میں لے لیا گیا ہے ۔ یہ امتحانات آج ملک بھر میں منعقد ہونے والے تھے ۔ اس جرم کے بارے میں خفیہ ذرائع سے موصولہ معتبر اطلاعات کی بنیاد پر تھانے سٹی پولیس نے اپنے مقامی ہم منصوبوں کی مدد سے کئی مقامات پر دھاوے کئے اور مہاراشٹرا و گوا میں بشمول ناسک ، پونے اور ناگپور کل رات 18 افراد گرفتار کئے گئے ۔ انہوں نے مہاراشٹرا اور گوا میں تقریباً 350 طلبہ کو بھی حراست میں لیا گیا ہے ۔ جنہوں نے امتحانی پرچوں کے افشاء سے استفادہ کیا تھا ۔ تھانے کرائم برانچ یونٹ I کے سینئر پولیس انسپکٹر نتن ٹھاکرے نے یہ اطلاعات دیتے ہوئے مزید کہا کہ مختلف کوچنگ کلاسسیس چلانے والوں اور چند فوجی ملازمین نے طلبہ کو یہ افشاء شدہ امتحانی پرچہ سوالات کرائم کیا تھا تاکہ یہ طلبہ مختلف لاجوں اور دیگر مقامات پر ان کے جوابات تحریر کرسکیں ۔