نئی دہلی ۔ یکم اگسٹ ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) یونیک آئیڈنٹی فکیشن اتھاریٹی آف انڈیا نے منگل کو ’’آدھار کارڈ حاملین ‘‘ کو مشورہ دیا کہ وہ ( عوام) عمومی انداز میں اپنے آدھار کارڈ نمبرس سوشل میڈیا پر افشاء نہ کریں اور نہ چیلنج کریں۔ یاد رہے کہ یہ مشورہ ٹویٹس کی ایک سیریز کے بعد ٹی آر اے آئی کی طرف سے آیا ہے جبکہ ٹی آر اے آئی صدرنشین آر ایس شرما نے گزشتہ ہفتہ اپنا 12 ہندسی یونیک آدھار نمبر ٹوئیٹر پر پیش کرتے ہوئے چیلنج کیا تھاکہ وہ ان کے لئے ’’سکیورٹی رسک‘‘ ثابت کردکھائیں جس پر ان کی خاص شخصی معلومات کو ہیک کرتے ہوئے بعد ازاں کھلے عام افشاء کردیا تھا۔ یو آئی ڈی اے آئی کی طرف سے جاری بیان میں ٹویٹ پر کہا گیا کہ ’’اس قسم کی سرگرمیوں سے اپنے کو روکتے ہوئے باز آنا چاہئے جو قانون کی سب سے بڑی اور کُھلی خلاف ورزی ہے ‘‘۔ بیان میں ٹوئٹر پر مزید کہا گیا کہ ’’ہم عوام کو ترجیحاً مشورہ دیں گے کہ وہ ’آدھارنمبر‘ کو نہ تو ڈسپلے کریں اور نہ عوام میں اس کی تشہیرکریں‘‘ ۔ اتھاریٹی نے مزید کہاکہ دوسروں کے آدھار نمبر کے ذریعہ اپنے لئے آدھار نمبر حاصل کرنا یا دوسروں کے آدھار نمبر کو کسی بھی مقصد کے لئے استعمال کرنا ’’قابل تعزیراتی جرم ‘‘ ہے جو ’’آدھار ایکٹ‘‘ اور انڈین پینل کوڈ (آئی پی سی ) کے تحت آتا ہے ۔ اس لئے عوام اس خطرناک بری عادت سے اپنے آپ کو روکیں۔